
سکھر(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے سکھرسمیت شمالی سندھ کے
عوام کو ایک بڑے ترقیاتی پیکیج کی نوید سنائی ہے، سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں جو مسائل ہمیں گنوائے جارہے ہیں وہ صوبائی حکومت کی ذمہ داریوں میں آتے ہیں ، اگر صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری ادا نہیں کرنا چاہ رہی تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ سندھ اپنی ضرورت سے زیادہ گندم پیدا کرتا ہے لیکن چار ماہ سے سندھ کے لوگ آٹے کی قیمت پنجاب کے مقابلے میں 300 روپے زیادہ کیوں ادا کررہے ہیں ،سندھ میں ہمارا جو بھی سیاسی اقدام ہوگا وہ آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہوگا ۔
وفاقی وزیر برائے منصوبی بندی و ترقی سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ کرونا سے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے، حکومت کرونا پر سیاست نہیں کر رہی،ہم بڑے جلسے کرسکتے ہیں مگر این سی او سی کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، شادی تقریب کے لیئے زرداری خاندان نے مختصر لوگ بلائے جبکہ جلسوں میں ہزاروں لوگوں کو بلایا جا رہا ہے، لیڈر بلاول خود قرنطینہ ہوگئے ہیں اور عوام کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے چھ لوگوں کے ساتھ 1996 میں پارٹی کی بنیاد رکھی، 15 سالوں تک پی ٹی آئی کا کوئی رکن اسمبلی میں نہیں تھا، اب عمران خان سب پارٹیوں کے لیے اکیلا طاقتور بن گیا ہے،یہ اس کی طویل اور شاندار جدوجہد کا ثبوت ہے۔ سب پارٹیاں عمران خان کے خلاف کھڑی ہوگئی ہیں
۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی سب صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پر عمران خان کے لیئے سارا عوام ایک ہے، شمالی سندھ کے لیئے ترقیاتی منصوبے بنا رہے ہیں، سکھر شہر کے لیئے پینے کے پانی کا منصوبہ بنائیں گے، افسران قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں بصورت دیگر انہیں بھی قیمت چکانی پڑے گی۔














