کراچی: انمول عرف پنکی عدالت میں پیش، تشدد اور جھوٹے مقدمات کا الزام

کراچی: منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار انمول عرف پنکی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی

عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں پولیس نے ملزمہ کو چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کو 4 پرانے مقدمات میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت لایا گیا، جبکہ مزید مقدمات میں بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

عدالت میں پیشی کے دوران انمول عرف پنکی نے شور شرابا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ ملزمہ نے عدالت کو بتایا کہ اسے 22 روز قبل لاہور سے حراست میں لے کر کراچی منتقل کیا گیا اور اس کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف درج نئے مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمہ کو تھانہ سچل میں درج مقدمے کے سلسلے میں ملیر کی عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے متعلق مکمل تحقیقاتی رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں کئی اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پولیس نے کراچی کے علاقے گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا، جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، دیگر منشیات اور اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔