ہم نے حکومت لی ہے، نظام نہیں بدل سکے، فواد چوہدری

لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت لی ہے لیکن ابھی

نظام نہیں بدل سکے۔اب نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
لاہور میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ؎ان کا کہنا تھا کہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا خیال ہے کہ طلبہ یونین بحال ہونی چاہیئے لیکن اس کے پیرامیٹرز طے کرنا ہوں گے۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے گلے شکوے سنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کو پتا ہے کراچی میں آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کیا کرتی رہی ہیں، طلبہ کی سنڈیکیٹ میں نمائندگی ہونی چاہیے،لیکن اس کے لئے طلبہ یونین ہونی چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر طلبہ یونین نہ ہوں تو ان کی سیاست کو لسانی یا مذہبی جماعتیں استعمال کرتی ہیں۔ اس لئے بڑی جماعتیں ان کو قبول کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کو پسند ہوں یا نہ ہوں، ان کا قد سب سے بلند ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مائنس ون پاکستان مسلم لیگ نواز اور دیگر جماعتوں میں ہوسکتا ہے۔ مائنس عمران کرتے کرتے اپوزیش خود مائنس ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کو اپنی قیادت تلاش کرنا پڑ رہی ہے۔ اب سب لندن میں جمع ہو رہے ہیں، ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔ وہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں نئی تقریوں کے معاملے پر کافی حد تک اتفاق رائے ہو چکا ہے۔