
کراچی (ویب ڈیسک )پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بلوچستان کے علاقے چمن میں دہشت گردانہ
کارروائی کے نتیجے میں جمیعت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 7 افراد کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے دیرینہ موقف کو بیان کرنے کے بعد یہ بھارت کی جانب سے پہلا ردعمل آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں تو پی ایس پی نے راء کے نیٹ ورک کو ناکارہ بنا دیا ہے،لیکن بلوچستان میں آج بھی بھارتی خفیہ ایجنسی راء دہشت گردی کی کارروائیاں کرا رہی ہے۔ ہمیں افواجِ پاکستان کی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ملک دشمنوں کو نا صرف منہ توڑ جواب دیا ہے بلکہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے وطن عزیز کی حفاظت کی ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اورافواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے چمن دھماکے میں شہید ہونےوالے تمام افراد کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی۔














