ہم شکل

ایم اے راحت

خلاصہ

شاہ زیب کا تعلق روایت پسند گھرانے سے تھا۔ مشترکہ خاندان پر مبنی

اس خاندان میں شاہ زیب سب سے چھوٹا اور لاڈلہ فرد ہے۔ خاندان کی بزرگ دادی اماں بڑی اہمیت کی حامل شخصیت ہیں۔ ان کے قصوں اور ٹوٹکوں سے ہر فرد مستفید ہوتا ہے۔ ایک دن قصوں کے درمیان دادی اماں نے کہا کہ دنیا میں اللہ نے ہر انسان کے سات ” ہم شکل “ بنائے ہیں۔

ایک دن شاہ زیب کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ اسپتال لے جانے کے بعد ڈاکٹر شاہ زیب کو برین ٹیومر ہونے کی اطلاع دیتا ہے۔ شاہ زیب زندگی کے باقی ماندہ دنوں کو اسپتالوں کی نذر کرنے کے بجائے اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کوترجیح دیتا ہے اور یوں وہ گھر والوں کو اطلاع دیئے بغیر شہر سے دور سفر پر نکل جاتاہے۔ دلاور ایک عادی مجرم ہے اور اس کی شکل شاہ زیب سے مشابہ ہے۔ دلاور کے دھوکے میں پولیس شاہ زیب کو گرفتار کرلیتی ہے۔ دلاور ضمیر کے ہاتھوں مجبور ہو کر شاہ زیب کی مدد کرنے کا فیصلہ کرلیتا ہے۔ جیل سے فرار ہونے کے بعد دلاور شا ہ زیب کو چھوڑ کر چلا جاتاہے۔

گھر پہنچنے کے بعد شاہ زیب کو معلوم پڑتا ہے کہ ”عالی“ جو اس گھر کا بیٹا ہے وہ شاہ زیب کا ہم شکل ہے۔ اسٹیشن والی لڑکی جس کا نام نشاط ہے وہ عالی کی بیوی ہے ،عالی نشاط سے غلطی فہمی کا شکار ہوتے ہوئے گھر سے چلا گیا تھا۔ اب شاہ زیب کو عالی سمجھ کر سب گھر والے اور نشاط سمجھانے کی اورغلط فہمی دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شاہ زیب نے بڑی مشکل سے ان کو یہ بات باور کرائی کہ وہ عالی نہیں شاہ زیب ہے جس کے احسان مند ہوگئے اور شکرایہ ادا کرتے ہوئے اس کے بارے میںمعلوم کرنے لگے۔ شاہ زیب نے بتایا کہ اس کی دادی ماں نے ایک بار کہاکہ ہر انسان کے سات ہم شکل ہوتے ہیں بس میرا دل چاہا کہ اپنی زندگی میں اپنے ہم شکلوں کوتلاش کروں اور یقین کریں کہ مجھے میرے دو ہم شکل مل گئے۔ ایک دلاور اور آپ کا عالی اور تیسرا میں اور اب چوتھے ہم شکل کی تلاش ہے۔

عالی کے گھر والے اس کو خاصی رقم دے کر رخصت کرتے ہیں۔ شاہ زیب اپنے تیسرے ہم شکل عالی کے بعد وہاں سے نکل کر ایک فور اسٹار ہوٹل میں جاتا ہے۔ اب شاہ زیب کی زندگی میں سیزارو آجاتا ہے۔ وہ برطانیہ کے ایک خفیہ گینگ سے منسلک ہے۔ جس نے سیزارو کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔ ابھی شاہ زیب سنبھلنے بھی نہ پایا تھا کہ اسے کوروتی ٹکراجاتی ہے۔ کچھ بندے اسے زبرستی اس جگہ پہنچا دیتے ہیں جہاں پر ڈینیل نے کوروتی کو رکھا ہوا ہے۔

اب آگے ملاحظہ کیجئے

بڑی صاف ستھری اور عمدہ گفتگو کی تھی اور شاہ زیب کو یہ بات پسند آئی تھی۔ اس نے فیصلہ کیا کہ یہاں سے اکیلے واپس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا چنانچہ اس نے آہستہ سے کہا۔

”آپ کے اندازمیں بڑی اپنائیت جھلکتی ہے اور نجانے کیوں میرا دل چاہتا ہے کہ آپ کا ساتھ دوں۔ مجھے بھی دوسرے لوگوں کی مانند میری ذمہ داریاں سمجھا دی جائیں۔ میں یہاں عام لوگوں کی طرح تمام کام کروں گا اور جہاں تک اس لڑکی کا تعلق ہے تو میں آپ سے پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میں تو خود بھی اس سے جان چھڑانے کی فکر میں تھا ایسی خوفناک لڑکی کے ساتھ بھلا انسان کس طرح رہ سکتا ہے۔؟“

”تو پھر ہم آپ کو اپنے اس گروہ میں خوش آمدید کہتے ہیں مسٹرشاہ زیب !جہاں تک آپ کے مشغلے کا تعلق ہے تو ابھی چند روز میں آپ مہمان کی حیثیت سے گزاریں۔ اس کے بعد کوئی ذمہ داری آپ کے سپرد کردی جائے گی۔ ویسے یہاںکوئی شخص کسی ذمہ داری کے اپنے سپرد ہونے کا انتظار نہیں کرتاکیونکہ ہم کسی کو کسی کی مرضی کےخلاف احکامات نہیں دیتے ، ہاں مشورے کے طور پر ہر طرح کی گفتگو کی جاسکتی ہے، یعنی کوئی ایسا کام جوآپ کی پسند کے مطابق نہ ہو لیکن ہم یہ محسوس کریں کہ آپ سے وہ کام لینا ضروری ہے توآپ کو اس سلسلے میں مطمئن کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس کے بعد وہ ذمہ داری آپ کے سپرد کردی جائے گی۔“

”بہت بہت شکریہ،آپ لوگوں نے جس طرح یہ گفتگو کی ہے۔ اس نے میرے اندر نہ صرف اعتماد بلکہ دوستی کا تصور بھی پیدا کردیا ہے او رمسٹراسٹون برادرز میں اس دوستی کی دل سے قدر کرتا ہوں اور جو کام دل سے کیے جاتے ہیں ان میں پھر اپنے جذبات بھی شامل ہوتے ہیں۔ “

”یہاں کا ماحول انتہائی دوستانہ ہے اور ہر شخص آپ کا دوست ہے، ہر طرح کی آزادی آپ کو حاصل ہے ،خواہ آپ کے دوست مرد ہوں یا خواتین، آپ پر کسی قسم کا اعتراض کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے، یہاں ایک اطلاع آپ کو ضرور دی جائے گی وہ یہ کہ آپ کے بیان کے مطابق ہم نے ان کھنڈرات یا پہاڑی چٹانوں میں وہ نقشہ تلاش کرانے کی کوشش کی تھی جو لڑکی نے پتھر کے ٹکڑے سے ترتیب دیا تھا۔ وہاں ایسے نقوش بنائے گئے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نقشہ بنایا گیا تھا لیکن جس طرح لڑکی نے اسے مٹادیا اس سے ہمیں اس کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہوسکا، چند افراد کو وہاں بھیجا گیا تھا۔ وہ اس جگہ کی تصویریں بنا کر لائے ہیں لیکن بے سود ان سے ہمیں کوئی کارآمد بات نہیں معلوم ہوسکی۔“

شاہ زیب نے پرخیال انداز میںگردن ہلائی اور ان کاشکریہ ادا کرکے واپس اپنی میز پر جا بیٹھا۔موسیقی کی دھنیں تبدیل ہوتی رہیں اور لوگ اس ماحول کو بالکل اسانداز میں انجوائے کررہے تھے جیسے کسی اعلیٰ درجے کے اوپن ایئر ہوٹل میں تفریحات میںمشغول ہوں۔

شاہ زیب اب پہلے سے زیادہ اطمینان محسوس کررہا تھا کیونکہ ذہن سے بہت سے خیالات مٹ چکے تھے اور اس نے اپنے آپ کوذہنی طور پر اس کے لیے تیار کرلیا تھا کہ اسٹون برادرز کے ساتھ بھی تقدیر کے لکھے ہوئے لمحات پورے کیے جائیں جو اس کے لیے مخصوص کردیے گئے ہیں۔ پھر اس کی نگاہ ایک میز کی جانب اٹھ گئی اس میز پر شاہ زیب نے اس برفانی بوڑھے کو دیکھا۔

برفانی بوڑھا اسے یوں کہا جاسکتا ہے کہ وہ واقعی برف کی طرح سفید تھا لیکن اس کو دیکھتے ہی یہ احسا س ہوتا تھا جیسے یہ سفیدی مصنوعی ہو، بوڑھے کے ساتھ وہی لڑکی موجود تھی جس کے چہرے پر زندگی ذراکم ہی نظرآتی تھی، سوکھا سوکھا سا انداز۔۔۔حالانکہ وہ اتنی دبلی پتلی بھی نہیں تھی بس متناسب تھی، نقوش میں ایک سپاٹ کیفیت جیسے وہ ہرتاثر سے بے نیاز ہو، مجموعی طورپر اس کی صورت دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا تھا کہ وہ اگر اپنے آپ کوسنوار لے تو بلاشبہ حسین کہلائے۔ لیکن اس کا لٹا پٹا انداز اور خاموشی کی کیفیت اس کی جاذبیت اس سے چھین لیتی تھی۔

بوڑھے کا اس لڑکی سے کیا رشتہ ہے،شاہ نے سوچا۔ پھر دفعتہ ہی شاہ زیب کی میز پر شراب کے برتنوں کی ایک چھوٹی سی ٹرے آٹکی اورساتھ ہی ایک کرسی گھسیٹ کر ایک خوبصورت سی لڑکی اس کے سامنے آبیٹھی۔ اس سے سارے ماحول میں اب تک اگر کوئی اجنبی بات تھی تو وہ یہی تھی کہ کوئی لڑکی شاہ زیب تک نہیں پہنچی تھی۔ بہرحال شاہ زیب نے گہری نگاہوں سے اسے دیکھا تو وہ اسے دیکھ کر مسکرا دی اور پھر لڑکی کی دلکش آواز ابھری۔

”اس بے تکلفی کے لیے معذرت خواہ ہوں، لیکن اگر کچھ لوگ خود کو ضرورت سے زیادہ ہی لیے دیے رکھیں تو کہاں تک ان کے ساتھ رعایت برتی جاسکتی ہے۔؟“

”شاید....“ شاہ زیب نے مسکراتے ہوئے کیا۔

”میرا نام ایرا ہے“ اس نے کہا۔

اسی وقت عقب سے ایک آواز ابھری ”ہیلو ایرا۔“ ایک دراز قامت آدمی اس کے نزدیک پہنچ گیا۔

”ہیلو۔“ اس نے پلٹ کر سوالیہ نگاہوں سے اس شخص کی طرف دیکھا۔

”میں تمہارے ساتھ رقص کرنا چاہتا ہوں۔“

”میں تمارے ساتھ رقص کرنا نہیں چاہتی۔“ اس نے اسی شخص کے سے انداز میں جواب دیا اور وہ جھینپ سا گیا۔

”مم....میرامطلب ہے....“

”مطلبی لوگوں سے مجھے سخت چڑ ہے، پلیز میں باتیں کررہی ہوں اور اپنی گفتگو میں تمہاری مداخلت کومیں نے ناپسند کیا ہے ۔“ وہ شخص اپنا سا منہ لیے وہاں سے واپس چلا گیا تھا۔ لڑکی کی تیز طرار گفتگو نے شاہ زیب کے دل میں اس کے لیے دلچسپی پیدا کردی وہ پھر شاہ زیب کی طرف دیکھنے لگی پھر اس سے مخاطب ہوئی۔

”اگرکوئی اپنے نئے دوست کے لیے کسی پرانے دوست شناسا کو مسترد کردے تو نئے دوست پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہاس کی پذیرائی کرے، میں نے تمہارے لیے اسے مستردکرکے اپنی طرف سے پہل کاثبوت دیا ہے،کیا تم اب بھی خاموشی اختیارکروگے؟“

وہ اتنی بے تکلفی سے باتیں کررہی تھی کہ شاہ زیب کو اس کا گمان نہیں تھا، تاہم اس نے بھی اسی انداز میں کہا۔ ”ٹھیک ہے ۔ میں تمہاری پذیرائی کرتا ہوں ایرا۔“

”اور میں تمہیں کس نام سے مخاطب کروں۔؟“

”شاہ زیب....“ شاہ زیب نے جواب دیا۔

”دیکھو میری یہاں آمدبلا مقصد نہیں ہے۔میں کل بھی تمہیں دیکھتی رہی تھی، لیکن تمہارا پہلا دن تھا اور تمہیںغالباً کہیں اور جگہ سے پکڑ کر لیا گیا تھا چنانچہ میں ہمت نہ کرسکی، لیکن تمہیں دیکھنے کے بعد یہ تصور ضرور میرے ذہن میں ابھرا تھا کہ اگر موقع ملا تو تم سے شناسائی ضرور کروں گی۔“

اسکی کوئی خاص وجہ؟“

”ہاں میں یہی چاہتی تھی کہ تم وجہ پوچھو۔“

”تو میں پوچھ رہا ہوں۔“ شاہ زیب نے کہا۔

”ایک بات جہاں تک میرے علم میں ہے شاہ زیب جیسے نام ایشیائی لوگوں کے ہوتے ہیں، کیا یہ درست ہے؟“

”ہاں سو فیصد۔“

”توپھر میرے بارے میں سنو....میں بھی نصف ایشیائی ہوں۔“

” کس طرح؟“

”میری ماں یورپین تھی اور میرا باپ ایشیا کا باشندہ تھا، اس کا نام احمد تھا، میرا پورا نام ایرا احمد ہے، اس لحاظ سے میرے بدن میںایشیائی خون دوڑ رہا ہے اور مجھے ایشیائیوں سے خاص محبت اور رغبت ہے۔ اب جب مجھے یہ معلوم ہوگیا کہ تم اب ہمارے ساتھی ہو تومیں نے تم سے دوستی کا فیصلہ کرلیا گو یہ دوست ابھی زبردستی ہے، یعنی میں تمہارے پاس آئی ہوں لیکن ظاہر ہے مجھے ہی تمہارے پاس آنا چاہیے تھا۔“

”تھینک یو ایریا میں بھی تم سے متاثر ہوں اس لیے کہ تم آدھی ایشیائی ہو۔“

”یقینا.... ہماری دوست کافی پائیدار ہونی چاہیے۔“

”یہ آنے والے وقت پر منحصر ہے۔“ شاہ زیب نے جواب دیا۔

”میرے ساتھ رقص کروگے؟“

”کیونکہ تم ایشیائی ہو میرا مطلب ہے نصف ایشیائی چنانچہ اگر تمہاری یہی خواہش ہے تو ٹھیک ہے۔“

”اوہ.... بے حد شکریہ،مجھے ضدی لوگ پسند نہیں آتے کیونکہ میں خود ضدی نہیں ہوں، اگر تم کبھی مجھ سے کوئی بات منوانا چاہو گے تو میں ذرا بھی ضد نہیں کروں گی۔ “ اس نے عجیب سی نگاہوں سے شاہ زیب کو دیکھتے ہوئے کہا او رشاہ زیب نے آنکھیں بند کرکے گردن ہلائی ۔ وہ دل ہی میں دل میں سوچ رہا تھا ”محترمہ ایریا! آپ جو کچھ فرما رہی ہیں اس کا مفہوم میں سمجھ رہا ہوں۔“ پھر وہ دونوں رقص کرنے والوں کی بھیڑ میں آشامل ہوئے اور اس کے بعد دیر تک رقص کرتے رہے۔ کسی نے ان کی جانب توجہ نہیں دی تھی، لیکن تیسرے راﺅنڈ میں جب شاہ زیب اور ایرا رقص کے لیے اٹھنے والے تھے کہ ایک لحیم شحیم آدمی ایرا کے قریب پہنچ گیا۔

”ہیلو ایرا! آﺅ رقص کریں۔“

ایرا نے منہ ٹیڑھا کرکے اس شخص کی طرف دیکھا ور پھر آہستہ سے بولی۔

”نو سوری ڈیئر ہالک.... میں اپنے پارٹنر کے ساتھ ہوں۔“

”کیا لائف پاٹنر کے ساتھ؟“

”اگرچہ تم نے یہ جملہ بدتمیزی کے انداز میں کہا ہے تب بھی میں نے اس کا برا نہیں مانا کیا سمجھے؟“ ایرا نے ہونٹ سکیڑ کر کہا اور ہالک ہنسنے لگا۔

شاہ زیب اس کا جائزہ لے رہا تھا، بے حد قوی ہیکل اور پہلو ان ٹائپ تھا۔ شانے چوڑے ، کمر پتلی ، ویٹ لفٹ سا لگتا تھا۔ شاہ زیب نے دل میںسوچاکہ یہ حضرات کہیں اس کے رقیب نہ بن جائیں۔ ہڈی پسلی توڑنے میں مہارت رکھتے ہوں گے، یہ بلاوجہ کاعشق کہیں مصیبت میںنہ پھنسا دے۔ وہ لحیم شحیم آدمی ہونٹ چباتا ہوا وہاں سے چلا گیا تھا ۔ ایرا نے حقارت بھر لہجے میں کہا۔

خود کو کچھ سمجھنے والے مجھے ہمیشہ سے ناپسند ہیں۔“

رقص ایرا نے کھانا بھی شاہ زیب کے ساتھ ہی کھااو رپھر جب تمام لوگ وہاں سے اٹھے تو وہ شاہ زیب کے ساتھ ہی اس کے خیمے میںآگئی۔ شاہ زیب کے اندازمیں اب کچھ بوکھلاہٹ سی پیدا ہوگئی تھی، ایرا ایک سمت بیٹھ گئی اور پھر شاہ زیب کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے کیا۔

”نیندآرہی ہے تو میں تمہیںڈسٹرب نہیں کروں گی، لیکن ہماری دوستی کا آغاز ہوگی ہے اور ہمارے درمیان ایشیا کا رشتہ ہے کیا سمجھے؟“

”یقینا“.... شاہ زیب نے احمقانہ انداز میں گردن ہلاتے ہوئے کہا۔

”تو میں جاﺅں۔“ ایرا نے کہا۔

”بہت بہت شکریہ.... تم نے مجھے بہترین کمپنی دی ہے۔ “ شاہ زیب نے اس سے جان چھڑاتے ہوئے کہا کہ اور ایرا ایک پراسرار سی مسکراہٹ کے ساتھ باہر نکل گئی۔

اس کے جانے کے بعد شاہ زیب نے گہری سانسیں لی تھیں کیونکہ اسے وہ قوی ہیکل ہالک یاد آرہا تھا، اگر اسٹون برادرز کے گروہ میں ایک بھی دشمن پیدا ہوگیا تو بہر طور شاہ زیب کے لیے یہ سود مند نہیں تھا، لیکن میڈم ایراضرورت سے زیادہ آگے کی چیز معلوم تھی تھی۔

٭....٭....٭

دوسری صبح حسب معمول شاہ زیب کو ناشتا خیمے ہی میں پہنچا دیا گیا اور ناشتا کرکے فارغ ہوا تھا کہ میڈم ایرا اندر آگئی، اسے دیکھ کر شاہ زیب نے ایک گہری سانس لی۔ ایرا نے مسکراتے ہوئے کہا۔

”شاہ زیب آﺅ باہر چلیں،تم تو خیمے میں ہی قید رہتے ہو۔“

”یہاں کی زندگی سے مجھے کوئی واقفیت نہیں ہے، اس لیے میںاپنے آپ کومحدود رکھتا ہوں۔“

”اوہ نو....اسٹون برادرز اپنے ساتھیوں پر کوئی بھی پابندی نہیں لگاتے، اگر تمہیں بہت اچھے باس کی تلاش ہو تو ان سے اچھے لوگ تمہیں روئے زمین پر نہیں ملیں گے۔“

شاہ زیب نے گردن ہلائی ، پھر وہ ایرا کے ساتھ کیمپ کے حصار سے باہر آگیا۔

اطراف میں لاتعداد مناظر بکھرے پڑے تھے، ایرا اورشاہ زیب ان کے درمیان سے گزرتے ہوئے آبشار کے کنارے آبیٹھے اور ایراشاہ زیب کو برق پاش نگاہوں سے دیکھنے لگی۔ پھر اس نے کہا۔

”ڈیئر شاہ زیب !دوران سیاحت تمہاری ملاقات تو بہت سے ایسے لوگوں سے ہوئی ہوگی جنہوں نے تمہیں متاثر کیا ہوگا۔ میرے بارے میں تمہاری کیا رائے ہے؟“

”بہت اچھی....بہت عمدہ....“شاہ زیب نے بادل نخواستہ جواب دیا۔

”کیا تم مستقل ہمارے ساتھ رہنے پر رضا مند ہوگئے ہو؟“

”فی الحال تو ارادہ ایسا ہی ہے۔“

”اوہ ڈیئر، اگر اسٹون برادرزسے تمہاری ملاقات ہوئی ہے تو تمہیں تفصیلات بھی معلوم ہوگئی ہوں گی ، میں اس دنیا میں تنہاہوں، اسٹون برادرز کی دو فلمیں میں کام کرچکی ہوں،کیا تم نے میری فلمیں دیکھی ہیں؟“

”نہیں۔“

”اوہ کاش تم نے انہیں دیکھا ہوتا میرے مداحوں کا خیال ہے کہ میں جذباتی اداکاری میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔“

”کون سی فلم تھی تمہاری؟“ شاہ زیب نے سوال کیا۔

”سن شیڈو۔“ اس نے جواب دیا۔

”افسوس ،میں نے دیکھی ۔“

اسی وقت شاہ زیب کی نگاہ ہالک پر پڑی جو ایک درخت کے نیچے کھڑاان دونوں کو گھور رہا تھا، اس کے گھورنے کا انداز بے حد خطرناک تھا۔ اسی وقت اس نے درخت کی دو موٹی شاخوں پر ہاتھ رکھا اور پھر بازوﺅں کی قوت کا مظاہر کرتے ہوئے شاہ کا درمیان سے توڑ دیا، ایک طرح سے یہ شاہ زیب کے لیے چیلنج تھا۔ اس نے دہشت سے آنکھیں بند کرلیں۔

ایرا نے بھی اس کی آہٹیں محسود کرلی تھیں اس کا سریلا قہقہہ گونج اٹھا اور اس نے کافی زور سے کہا ۔

”ہالک ایک لکڑ ہارا ہے۔“ ہالک نے ایرا کا تبصرہ سنا اور غصے سے پاﺅں پٹختاہوا آگے بڑھ گیا تھا، لیکن اس کے بعد شاہ زیب ایرا سے ایک بھی رومانی جملہ نہ کہہ سکا جبکہ ایرا نے بہت ساری باتیں کر ڈالی تھیں۔

پھر کیمپ میں سرگرمیاں دیکھی گئیں اور ایرا اٹھ کھڑی ہوئی۔

”اوشاید اسٹون برادرز کی طرف سے آگے بڑھنے کا اعلان کیا گیا ہے آﺅ چلیں۔“

ایرا کا اندازہ درست نکلا، لوگ خیمے اکھاڑنے میںمصروف تھے، شاہ زیب نے بھی ان کے لوگوں کا ساتھ دیا، ایرا مسلسل اس کے ساتھ لگی ہوئی تھی۔ ہالک کے علاوہ ابھی تک کسی اور نے ان دونوں کی جانب توجہ نہیں دی تھی۔ نہایت برق رفتاری سے کام کیاگیا تھا اور اس کے بعد تمام لوگ ٹرکوں اور جیپوں میں سوار ہو گئے ، ایرا نے یہاں بھی شاہ زیب کا پیچھا نہیں چھوڑا تھا۔ جس لینڈ روور میں شاہ زیب سوار تھا وہیں ایرا بھی اس کے ساتھ ہی بیٹھ گئی تھی، لیکن دوسرے کئی افراد بھی تھے، البتہ ہالک نہیں تھا، ایرا نے شاہ زیب کے کان میں سرگوشی کی۔

”اب سے پہلے وہ میرے ساتھ سفر کرتا تھا۔“

”ہالک۔“ شاہ زیب نے سہمے ہوئے لہجے میں پوچھا۔

”ہاں.... اس نے کہاں اور شاہ زیب ٹھنڈی سانس لے کر خاموش ہوگیا تھا، تھوڑی دیر تک یہ خاموشی طاری رہی۔ باہر کے مناظر نگاہوں سے روپوش تھے، شاہ زیب نے دوسرے لوگوں پر توجہ دی، تین نوجوان اور پانچ لڑکیاں ان کے ساتھ لینڈ روور میں ان کے ساتھ بیٹھے تھے، مگر سب کے سب خاموش تھے۔ صرف ایرا ہی تھی جو بار بار شاہ زیب کے کان میں سرگوشیاں کررہی تھی۔ دفعتاً شاہ زیب کو کچھ خیال آیا اور اس نے ایرا سے پوچھا۔

”ایرا ایک با ت بتاﺅ، ہمارے درمیان ایک شخص موجود ہے جس کے بال برف کی مانند سفید ہیں میرے مراداس سفید بوڑھے سے ہے جس کے ساتھ ایک دبلی پتلی لڑکی رہتی ہے۔“

”مسٹر گرج۔“ اس نے آہستہ سے کہا۔

”شاید اس کا نامگرج ہی ہو، تمہارے گروہ میں وہ ایک ہی شخص ہے جس کی داڑھی بھنویں مونچھیں اور سر کے بال برف کی طرح سفید ہیں۔“

”ہاں ٹھیک ہے!وہ مسٹر گرج ہیں اور ان کے ساتھ سونارا ہے۔“

”سونارا؟“

”اسٹون برادرز اس کا بڑا احترام کرتے ہیں۔ ویسے مسٹر گرج بہت نفیس انسان ہیں ،نرم خوش مزاج اور بزرگانہ شفقت کے مالک....“

”ہاں.... بس مجھے ان کی شخصیت میں ایسی ہی کچھ کیفیات نظرآئی تھیں جس کی وجہ سے میں نے ان کے بارے میںمعلومات حاصل کیں۔“

ایرا خاموش ہوگئی، یہ سفر شام تک جاری رہا، جس جگہ اسٹون برادرزنے قیام کیا تھا وہ اونچے نیچے بھورے ٹیلوں سے بھری ہوئی تھی، درمیان میں کہیں کہیں تھوڑی بہت جگہ موجود تھی، لیکن اس رات خیمے نہیں لگائے گئے بلکہ گاڑیوں کا ایک دائرہ بنا کر ان کے درمیان رہنے کے لیے جگہ صاف کرلی گئی۔

رات کا کھانابھی سفری قسم کا تھا اور آج رات یہاں رقص و سرور کی محفل بھی نہ جمی۔ یہ تھا اسٹون برادرز کے سفر کرنے کا انداز۔ صحرائے اعظم میں جگہ جگہ خطرناک دلدلیں، خوفناک جنگل اور وحشی قبیلوں کی بھرمار تھی۔ اسٹون برادرز ہر سلسلے میں ہوشیار نظرآتے تھے،ویسے شاہ زیب ان کی تنظیم کا دل سے قائل ہوتا جارہا تھا، بلاشبہ وہ جو کوئی بھی تھے۔ بہترین ذہانت کے مالک تھے اور اپنا کام بڑی خوش اسلوبی سے کررہے تھے۔ دلچسپ بات یہ تھی اس گروہ میںجتنے افراد شامل تھے وہ سبھی جانتے تھے کہ ان کا یہ سفر کس حیثیت کا حامل ہے اور سب کے سب اپنے طور پر اس سے دلچسپی رکھتے تھے، یہاں تک کہ خواتین بھی خزانے کی تلاش میں دوڑی دوڑی چلی جارہی تھیں۔ یہ ایک دلچسپ مرحلہ تھا اورشاہ زیب کو اس سے پہلے ایسے واقعات سے سابقہ نہیں پڑا تھا۔ شاہ زیب کی آوارہ گردی کے دوران میں بے شمار کردارآئے تھے اور ہر کردار اپنی جگہ ایک الگ حیثیت اور حامل تھا لیکن اسٹون برادرز اسے کافی پسند آئے تھے۔

سفرکا دوسرا دن بھی پہلے دن کی مانند تھا، البتہ چونکہ راستے دشوار گزار تھے اس لیے یہ سفر تکلیف دہ رہا۔ خاص طور سے پہلے ایسے راستوں کا تعین کیا جاتا تھا جہاں سفر کیاجائے۔ دوسری رات کا قیام بھی بالکل ایسا ہی رہا۔ البتہ شاہ زیب کی دلچسپی کے لیے ایرا موجود تھی، شاہ نے اندازہ لگا لیا تھا کہ یہ لڑکی بہت آگے کی چیز ہے اور اس تک رسائی مشکل نہیں ہے، لیکن کیاکرتا، ہالک درمیان میں موجود تھا،شاہ زیب نے مختلف طریقوں سے ہالک کو اپنے گرد چکراتے ہوئے محسوس کیا۔ ایرا بھی اس سے الجھتی نہیں تھی بلکہ اس کہ موجودگی میں شاہ زیب سے زیادہ رغبت کااظہار کرکے وہ غالباً ہالک کو جلانا چاہتی تھی اور شاہ زیب ہالک کے چہرے پر طیش کے آثار دیکھ کر اپنے حواس گم کرنے لگتا تھا۔

٭....٭....٭

تیسرے دن کا سفر دھوپ اور گرمی کی وجہ سے انتہائی تکلیف دہ تھا، پتا نہیں اسٹون برادرز کون سی لائن پر آگے بڑھ رہے تھے ، تمام دن گرمی میں سفرکرتے ہوئے گزر گیا۔ پھر اس رات یہ لوگ ایک نخلستان میں پہنچے، ناریل اور کھجور کے جھنڈ بکھرے ہوئے تھے اور ان کے درمیان پانی موجود تھا،اسٹون برادرز نے یہاں خیمہ زنی کا حکم دے دیا اور شاہ زیب کو ان کے اس عمل سے یہ احساس ہوا کہ وہ ایسی جگہ قیام کرتے تھے جہاں زندگی کی سہولتیں موجود ہوں یعنی پانی درخت وغیرہ وغیرہ۔

یہاں راتوں رات خیمہ زنی کرلی گئی اور بالکل اسی انداز میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا۔ ایرا نے شاہ زیب کو بتایا کہ اسٹون برادرز اب یہاں دو تین دن تک قیام کریں گے کیونکہ اب تک جو مسلسل سفر کیا گیا ہے اس سے تھکن بھی ہوگئی ہے۔ اس قیام کے بعد پھر نئے سفر کاآغاز کردیاجائے گا۔ “ شاہ زیب نے سمجھنے والے انداز گردن ہلا دی تھی، بہرطور! اس رات کوئی تفریحی پروگرام نہیں بنایا گیا لیکن دوسرے دن پکنک کاساسماں تھا، رائفلیں نکل آئی تھیں اور بہت سے لوگوں میں تقسیم کردی گئی تھیں۔ ٹولیاں شکارکے لیے نکل گئی تھیں،غالباً گوشت جمع کرنے اور اضافی خوراک حاصل کرنے کا یہی طریقہ کار تھا۔ ایرا نے شاہ زیب سے شکارکے بارے میں پوچھا تو اس نے ہنستے ہوئے کہا۔

”میں خود شکارہوں اور عموماً شکاری مجھے شکارکرتے رہے ہیں، میں کسی معصوم جانور کاشکارکرکے کیاکروں گا؟“

ایرا ہنسنے لگی اور پھر بولی ”میرا خیال ہے تم مختلف ہو، تم درحقیقت شکار کے انداز کے شکار ہو اور یقینی طور پر دھوکے سے شکارکرتے ہو۔“

”تم نے اس کا اندازہ کیسے لگایا؟“

”اپنے آپ کو دیکھ کر کیونکہ میں تمہاری شکاری ہوگئی ہوں اور تم مستقل مجھے تڑپا رہے ہو۔“

شاہ زیب نے گہری نگاہوں سے ایرا کو دیکھا اور اس کا چہرہ دیکھ کر شاہ زیب کی آنکھوںمیں عجیب سی کیفیت پیدا ہوگئی، دیر تک وہ ایرا کے ساتھ رہا پھر کسی طرح اس سے فراغت حاصل ہوگئی اور شاہ زیب اپنے طور پر آگے بڑھ گیا۔

شکاری جنگلوں میں پھیلے شکار کررہے تھے، بعض ہرن اور نیل گائے اٹھائے واپس آگئے تھے اور دوسرا گروہ ان جانوروں کی کھال اتارنے میں مصروف ہوگیا تھا، مگر شاہ زیب آگے بڑھ گیا اور پھر ایک درخت سے ٹک کر اطراف کے مناظر دیکھنے لگا، پتا نہیں ان جنگلوں میں درندے بھی موجود تھے یا نہیں، ابھی تک کوئی نشان نہیں ملا تھا۔ ویسے صحرائے اعظم میں دن کے وقت بھی وحشی درندے بھاگتے دوڑتے نظرآجاتے تھے۔ شاہ زیب نے سوچا کہ اس کے پاس بھی ایک رائفل ہونی چاہیے اس احساس کے تحت اس نے ادھر ادھر نگاہیں دوڑائیں اور دفعتاً ہی اس کی رگوں میں خون منجمد ہوگیا۔

شاہ زیب سے کوئی سو گز کے فاصلے پر ہالک کھڑا تھا، چوڑے چکلے بدن کا یہ آدمی ہاتھ میں رائفل لیے شاہ زیب کا نشانہ لے رہا تھا۔ رائفل کی نال اس کی جانب اٹھی ہوئی تھی اور آنکھ سے دور بین لگی ہوئی تھی۔ اس کے دیوتا کوچ کرگئے ، ایک لمحے میں اسے احساس ہوا کہ اب اس کے بدن کے مختلف حصوں کے سوراخوں سے تازہ تازہ خون ابلتا نظرآرہا تھا۔ شاہ زیب نے وہاں سے ہٹنے کی کوشش کی لیکن اس کے پاﺅں من من بھر کے ہوگئے تھے ۔ہالک رائفل کے ٹرائیگر پر ہاتھ رکھے ہوئے شاہ زیب کا نشانہ لیے رہا اور پھر چند لمحات کے بعد رائفل کی نال نیچے کرلی۔ شاہ زیب کی طرف دیکھ کر دانت نکوسے اور گردن جھکا کر ایک جانب بڑھ گیا۔ شاہ زیب کو یقین نہیں آرہا تھا کہ اس کی جان بچ گئی ہے۔ یہ مذاق تھا یا اپنے غصے کا مظاہر یا پھر ایک وارننگ....

بلاشبہ ہالک اگر اس وقت چاہتا تو شاہ زیب کو نشانہ بنا سکتا تھا، اس کے پاس کہنے کے لیے بڑا عمدہ بہانہ تھا وہ کہہ سکتا تھا کہ اس نے شکارپر گولی چلائی تھی جو غلطی سے شاہ زیب کو جالگی اس بات پر اس سے باز پرس بھی نہیں ہوسکتی تھی اور شاہ زیب کا کام بھی تمام ہوسکتا تھا، پتا نہیں کیوں اس نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

شاہ زیب کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہوگیا تھا کہ ہالک اس سے نفرت کرنے لگا ہے اور کسی بھی وقت وہ شخص شاہ زیب کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے اور وہ کسی ایسی الجھن میں نہیں پڑنا چاہتا تھا، چنانچہ اس نے یہی فیصلہ کیا کہ آہستہ آہستہ جس طرح بھی ممکن ہوسکا اس لڑکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی کوشش کرے گا اور اس کا آغاز دوسرے ہی دن سے کردیا گیا۔

شام کو معمول کے مطابق محفل جمی وہی بزم، وہی موسیقی کی ہلکی ہلکی دھنیں اور اسٹون برادرز کی تفریحات.... شاہ زیب نے ایرا کو خیموں کے درمیان سے آتے ہوئے دیکھا۔ عین اسی وقت مسٹرگرج بھی باہر آکرایک میز پر بیٹھے تھے اور اتفاق سے شاہ زیب ان کے قریب ہی تھا شاہ زیب کی نگاہیں ان سے ملیں تو شاہ زیب نے مسکراتے ہوئے انہیں ہیلو کہا، مسٹر گرج بھی مسکرانے لگے اور پرشفیق لہجے میں بولے۔

”آیئے کچھ دیر میرے ساتھ بیٹھےے۔ “ انہوںنے پیشکش کی اور شاہ زیب جلدی سے کرسی گھسیٹ کر بیٹھ گیا۔ ایرا کے قدم رک گئے تھے وہ چند لمحات کھڑی شاہ زیب کو دیکھتی رہی اور اس کے بعد پاﺅں پٹختی ہوئی آگے بڑھ گئی۔ مسٹرگرج کی ساتھی لڑکی کو شاہ زیب نے پہلی بار اتنے قریب سے دیکھا تھا، وہ کچھ عجیب سے خدوخال کی مالک تھی، مگر ان میں بے پناہ کشش تھی، لیکن نجانے کیوں اس کے چہرے پر ایک اجنبی اجنبی سا انداز پایا جاتا تھا، شاہ زیب بیٹھ گیا تو مسٹر گرج بولے۔

”کئی دن سے آپ ہمارے ساتھی ہیں، لیکن نجانے کیوں آپ نے ہم دونوں سے تعارف حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔“

”اوہ.... نہیں مسٹر گرج، اس میں میرے کوشش کرنے کا دخل نہیں ہے بس یوں سمجھئے کہ میں جرا ¿ت نہیں کرسکا۔“

”نہیں بھئی، انسانوں کو ایک دوسرے سے مل لینا چاہیے، اگر آپ ایک آدھ دن اورہم سے دور رہتے تو پھر میں خود ہی آگے بڑھتا، دراصل سونارا کی نگہداشت کے سلسلے میں میرا تمام وقت صرف ہوجاتا ہے۔ میں آپ کو اس سے ملاﺅں۔ یہ میری بیٹی سونارا ہے اور میرا نام گرج ہے،آپ کے بارے میں مجھے معلوم ہوچکا ہے کہ آپ کا شاہ زیب اور آپ ایشیائی ہیں۔“

”مسٹر گرج ، آپ سے مل کر بے حد خوشی ہوئی اور حقیقت یہی ہے کہ آپ کی شخصیت سے متاثر ہوں۔“

”ارے بھئی واہ، یعنی مجھ سے ملاقات کیے بغیر ہی آپ میری شخصیت سے واقف ہوگئے۔“

”جی ہاں،کچھ شخصیتیں براہ راست ذہن کو متاثر کرتی ہیں اور آپ بھی انہی میں سے ایک ہیں۔میں نے مس ایرا سے آپ کے بارے میں تفصیلات معلوم کی تھیں۔“

”اوہ.... اچھا تعجب ہے میں نے تو اپنی شخصیت میں ایسی کوئی بات نہیں پائی۔“ شاہ زیب ہنسنے لگا تھا مسٹرگرج پھر بولے۔

”اب جبکہ آپ نے یہ قدم اٹھا لیا ہے تو ہمارے درمیان اجنبیت نہیں رہنی چاہیے، آپ کا تعلق کون سے ملک ہے؟“

شاہ زیب نے مسٹر گرج کو اپنے بارے میں مختصر تفصیلات بتا ڈالیں۔ بلاشبہ ان کا اندازہ گفتگو بہت اچھا تھا اور اس میں اپنائیت سی جھلکتی تھی، وہ کہنے لگے۔

”مسٹرشاہ زیب !جیسا کہ میرے علم میں ہے کہ آپ اتفاقاً بلکہ حادثاتی طور پر اس گروہ میں شامل ہوئے ہیں ، میں نے تو یہ بھی سنا تھا کہ آپ شوراک کے ساتھ رہ چکے ہیں۔“

”شوراک۔“ شاہ نے سوالیہ انداز میں مسٹر گرج کو دیکھا۔

”ہاں افریقی نسل کی ایک لڑکی! جوان سب کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے۔“

”اوہ.... اس کا نام پہلی بار میرے علم میں آیا ہے۔ پہلے مجھے اس کے نام کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ۔“

”ہوسکتاہے انہوںنے اس کا نام آپ کو کچھ او ربتایا ہو، لیکن درحقیت اس کا نام شوراک ہی ہے، کیا واقعی آپ اس لڑکی کے ساتھ رہ چکے ہیں؟“

”جی مجھے اس عذاب میں پھنسانے والی وہی شخصیت ہے لیکن مسٹر گرج نے محسوس کیا ہے کہ لوگ اس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کتراتے ہیں، ایسا کیوں؟“

”میرے خیال میں ایسی کوئی بات نہیں ہے، یا تو آپ نے اس کے سلسلے میں صحیح طورپر تفتیش نہیں کی ہوگی اور اس کے بارے میں جاننا نہیں چاہا ہوگا، یا پھر ہوسکتا ہے کہ کوئی خاص وجہ ہو اس کی۔“ مسٹر گرج نے کہا۔

”نہیں حقیقت یہی ہے کہ اسٹون برادرز سے دو ملاقاتوں میں میں تمام تفصیلات نہیں معلوم کرسکا اور اس کے بعد اس کا موقع بھی نہیں ملا۔“

”اس کا نام شوراک ہے اور وہ شیکال قبیلے کی لڑکی ہے، شیکال قبیلہ جو کسی نامعلوم جگہ آباد ہے اور یہ پورا گروہ یعنی اسٹون برادز اس قبیلے کی تلاش میں نکلے ہیں۔“

”میری بدقسمتی ہے مسٹر گرج کہ اس سے پہلے میں آپ سے ملاقات نہیں کرسکا، آپ کے ذریعے میری معلومات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔“

یہ وہ عام معلومات ہیں جوآپ کسی بھی شخص سے حاصل کرسکتے ہیں کیا آپ کو اس بات کا علم بھی نہیں ہے کہ اسٹون برادرزکا یہ گروہ درحقیقت صرف فلم بندی نہیں کررہا ہے بلکہ خزانے کا متلاشی ہے۔“ مسٹر گرج نے کہا۔

ہاںمجھے تھوڑی بہت تفصیلات معلوم ہوچکی ہیں، مس سونارا بالکل خاموش ہیں، کچھ یہ کچھ بیمار ہیں۔“ شاہ زیب نے مسٹرگرج کی بیٹی کی طرف دیکھتے ہوئے کیا۔

”او ہاں.... سونارا ذہنی طور پر معذور اور خاموش رہتی ہے۔ طویل عرصے سے یہ کچھ نہیں بولی، دیکھتی ہے، عمل کرتی ہے، لیکن کچھ بولتی ہیں۔“

شاہ زیب نے ہمدردانہ نگاہوں سے سونارا کی طرف دیکھا وہ خاموشی سے بیٹھی دوسری جانب دیکھ رہی تھی۔ شاہ زیب کو اسکایہ انداز بھی بے حد پرکشش لگا، پھر شاہ زیب نے مسٹر گرج کے ساتھ کافی پی اور مسٹرگرج کافی دیر تک اس سے باتیں کرتے رہے، ایرا سے برداشت نہ ہوسکا تو وہ خود ہی اٹھ کر شاہ زیب کے پاس آگئی۔

”رقص شروع ہوچکا ہے۔ کیا آج تم میرا ساتھ نہیں دو گے؟“

اس نے کچھ اس انداز میں شاہ زیب کا بازو پکڑا کہ اسے اٹھنا ہی پڑا، شاہ زیب اس کے ساتھ رقص کرنے میں مصروف ہوگیا،عجیب و غریب لڑکی تھی، کسی طرح جان ہی نہیں چھوڑتی تھی، شاہ زیب اس سے اتنا منحرف نہ ہوتا اگر وہ دیوقامت ہالک درمیان میں نہ ہوتا، وہ کمبخت ہر وقت ہی کچھ نہ کچھ کرتا رہتا تھا۔ اس وقت بھی رقص کے دوران وہ خاموش بیٹھ شاہ زیب اور ایرا کو گھو ررہا تھا۔ اس کی آنکھوں میں چنگاریاں سلگ رہی تھی، شاہ زیب کے قدم ڈگمگاگئے اور ایرا چونک کر اسے دیکھنے لگی۔

”کیوں.... کیا ہوا؟“

”کچھ نہیں رقص کرتی رہو۔“ شاہ زیب نے بھرائے ہوئے لہجے میں کہا اور ایرا مسکراکر خاموش ہوگئی۔ شاہ زیب کے حواس اب برقرار نہیں رہے تھے، رقص میں ذرا بھی لطف نہیں آرہا تھا اور شاہ زیب کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کرے۔

”اوہ....یہ کیا کررہا ہو؟“ دفعتاً ایرا کسمسائی اور شاہ زیب چونک پڑا۔

”کیابات ہے؟“

”بار بار میرا پاﺅں کچل رہے ہو۔“

”سوری۔“

”تم کچھ الجھے ہوئے ہو۔“

”ہاں شاید۔“

”کیا اس کی وجہ وہ لڑکی ہے؟“

”کون؟“ شاہ زیب چونک کر بولا۔

”سوناراکی بات کررہی ہوں۔“ ایرا کے لہجے میں جلن ابھر آئی اور شاہ زیب نے ایک گہری سانس لے کر گردن ہلادی۔

”جی نہیں محترمہ، اس کی وجہ وہ لڑکی نہیں ہے بلکہ وہ دیوزاد ہے جو آنکھوں ہی آنکھوں میں مجھے کوئی بار ہڑپ کرچکا ہے۔“

”تم اس کی طرف غور بھی نہ کیا کرو۔“

”میں صرف اپنی طرف غورکرتا ہوں او رمیں.... آپ خود میرا جائزہ لے سکتی ہیں۔“

”وہ دنیا کا سب سے بزدل نہیں ہے، کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔“

”تب تو وہ خطرناک ہے، کیونکہ بہادروں کی بہادر سے نمٹا جاسکتا ہے ، لیکن جب کوئی بزدل سینہ تان کر سامنے آجائے تو اس کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا۔“

”نرالی منطق ہے۔“ ایرا بولی۔

”لیکن حقیقت پر مبنی ہے، تم اسے میرا تجربہ بھی کہہ سکتی ہو۔“ شاہ زیب نے گہری سانس لے کر کہا۔

بہرحال ایرا نے کسی منطق پر غور نہ کیا اور مسلسل شاہ زیب پر نازل ہی رہی، اس سے پیچھا اسی وقت چھوٹا جب یہ ہنگامے ختم ہوئے۔ تفریحات ختم ہوگئیں اور شاہ زیب اپنے خیمے میں آرام کرنے لیٹ گیا، دیر تک مختلف خیالات میں ڈوبا رہا پھر نیند آگئی۔

٭....٭....٭

نجانے کتنی دیر گزری تھی کہ آنکھ کھل گئی، کوئی سرسراہٹ سنائی تھی ، شاہ زیب اچھل کر بیٹھ گیا اور اس کی نگاہیں چاروں طرف بھٹکنے لگیں اور پھر اسے خیمے کا ایک گوشہ اٹھتا نظر آیا۔ کوئی خطرناک جانور بھی ہوسکتا تھا، شاہ زیب کسی قدر خوفزدہ ہوگیا، لیکن تاریکی کے باوجو دشاہ زیب نے سفید داڑھی اور سفید بال دیکھ لیے ، پورے گروہ میں ایک ہی شخص ایسا تھا اور یہ تھے مسٹر گرج....

”مسٹر شاہ زیب۔“ مسٹر گرج کی آواز ابھری۔

”میں جاگ رہا ہوں مسٹر گرج۔“ شاہ زیب نے خود کو سنبھال کر کہا۔

”سوری مسٹرشاہ زیب اس وقت آپ کو اس طرح پریشان نہیں کرنا چاہیے تھا، لیکن میں کئی دن سے برداشت کررہا تھا او رمجھ میں مزید برداشت کی ہمت نہیں رہی تھی۔“