
حریم شفیق/اسلام آباد
"زینب بیٹا یہ سکارف کا طریقہ درست نہیں بیٹا یوں اونٹ کی کوہان کی طرح سرپہ بنانا غیرمسلموں کا وطیرہ ہے".
صابرہ بیگم نے اپنی سترہ سالہ بیٹی کو جو کالج جا رہی تھی بڑے پیار سے سمجھانا چاھا۔
"اوہو امی پردہ کر تو رہی ہوں عبایا بھی پہنتی ہوں ایک ذرا سٹائلش طریقے سے سکارف لے لیا تو کیا ہوا ہمیں ہر دور کے ساتھ چلنا چاہیے اسلام میں اتنی بھی تنگی نہیں ہے"زینب نے چڑ کے جواب دیا اور باہر نکل گئ۔
"ہاۓ زہنی کیسی ہو؟"سحر نے اس کے گال سے گال ملایا
زینب کچھ پزل سی ہو گئی اس طرح ملنے کا رواج کہاں تھا اس کے گھرانے میں۔۔۔اس نے ایک نظر خوبصورت اور دلکش سحر کے سراپے پہ ڈالی ۔۔ ۔ریڈ شارٹ شرٹ اور بلیو جینز ۔۔۔شولڈرز سے کچھ نیچے لائٹ براؤن بال ۔۔۔ ہونٹوں پہ ریڈ لپ اسٹک اس کی گوری رنگت پہ خوب جچ رہی تھی وہ بلا کی حسین تھی اور اس کا کونفیڈینس ہمیشہ زینب کو بہت اٹریکٹ کرتا تھا وہ حسرت بھری نظروں سے اسے دیکھ کر رہ گئ۔۔
"ٹھیک ہوں۔"زینب نے مری مری آواز میں کہا
"ارے یہ چہرے پہ بارہ کیوں بج رہے ہیں؟"سحر نے اس کی ٹھوری کو چھوتے ہوئے پوچھا
"کچھ نہیں یار بس صبح صبح امی کا لیکچر اور کیا"۔اس نے بے زاری سے کہا۔
اوہ آئ سی ۔ ۔۔ہوتا ہے یہ کیڑا کسی کسی مدر میں شکر ہے "میری مام ایسی نہیں ۔۔۔بہت ٹرسٹ ہے انھیں مجھ پہ.."سحر نے لاپروائی سے بال جھٹکے۔
اور زینب خیالات کی کسی اور دنیا میں گم ہو گئ۔۔۔
اسلام علیکم امی ۔۔۔وہ تھکی تھکی سی تھی۔۔صابرہ بیگم نے غور سے اسے دیکھا اور کھانا لگانے لگیں۔
زینب بیٹا بچیوں کو اتنا پرفیوم لگا کر گھر سے باہر نہیں نکلنا چاھیے اللہ کو ناپسند ہے وہ عورت جس کی خوشبو غیر محرم کو اس کی طرف متوجہ کرے اس کو زنا جیسے جرم سے تشبیہہ دی گئی ہے۔"صابرہ بیگم نے اس کے بالوں میں پیار سے انگلیاں پھیرتے ہوۓ سمجھایا اور زینب نے جیسے سنی ان سنی کرتے ہوئے کروٹ بدل لی اور سو گئ۔۔
"امی میں جا رہی ہوں کالج بس جلدی آۓ گی آج ۔۔"زینب بہت عجلت میں تھی۔
"ارے سنو ناشتہ۔۔۔تمہارے بابا ناراض ہوں گے بھوکی جاؤ گی تو یہ پراٹھا رکھ لو کالج میں کھا لینا ۔۔۔اور اتنی تیز خوشبو؟؟؟"صابرہ بیگم نے تنبیہی انداز میں گھرکا۔
"افوہ امی اب پھر صبح صبح لیکچر دے کے میرا موڈ خراب نہ کریں۔"زینب کٹیلے انداز میں بولتی ہوئی باہر نکل گئ
صابرہ بیگم حیران رہ گئیں آج سے پہلے تو اس نے اس بدتمیزی سےبات نہ کی تھی؟وہ دروازے کی جانب لپکیں دعائیں پڑھ کے پھونکا ۔۔اللہ میری بچی کو اپنے حفظ و امان میں رکھنا...
ان کا ذہن آج سارا دن اسی میں الجھا رہا شام کو سسرال کی دعوت تھی انھیں جلد کھانےکا انتظام کرنا تھا وہ مصروف رہیں لیکن زینب کے رویے نے انھیں پریشان کر دیا پھر خود کو تسلی دے ڈالی بچی ہے پڑھائی کی کوئ پریشانی ہو گی آج کل کرونا کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کرنے کی خبریں بھی تو آرہی ہی یہی وجہ ہو گی ۔۔۔
"سحر ایک بات تو بتاؤ تم اتنی آزادی سےہرجگہ چلی جاتی ہو کوئی فنکشن ہو فوراً حامی بھر لیتی ہواپنے پیرنٹس سےپوچھتی بھی نہیں وہ ناراض نہیں ہوتے؟"زینب نے پوچھا
"ارے یار یہاں ٹائم کس کے پاس ہے تمھیں تو پتا ہے مام اور ڈیڈ دونوں جاب کرتےہیں سو نہ مجھے ان سے پوچھنے کی ضرورت ہے اور نہ انھیں ناراض ہونے کی ۔۔۔انھیں مجھ پہ بھروسہ ہے ڈئیر اس نے آنکھ ماری۔۔۔"
زینب سحر کی ان باتوں سے اور گھٹنے لگتی اسے اپنی گھریلو سادہ سی ماں بالکل اچھی نہ لگتی جو ہر وقت لیکچر کی پٹاری کھولے رکھتیں۔۔۔
اسلام علیکم امی کیا ہو رہا ہے؟زینب نے بیگ تخت پوش پہ رکھا
وعلیکم السلام جیتی رہو۔ سلامت رہو۔چاول چن رہی ہوں شام کو تمہارے چچا اور پھپھو کی فیملی ڈنر پہ آرہے ہیں ناں تم بھی میری ہیلپ کرو بیٹا ۔۔ صابرہ نے سلام کے جواب کے ساتھ دعاؤں سے نوازا یہ ان کا طریقہ تھا وہ بات بے بات بچوں کو دعاؤں سے نوازتی تھیں۔
زینب بھی چاول چننے لگی ۔
صابرہ بیگم نے دیکھا بیٹی موڈ میں ہے تو کچھ خیال آیا ۔۔۔
"زینب دیکھو چاولوں میں کچھ کنکر کچھ تنکے بھی ہیں لیکن ہم انھیں صاف کیے بغیر تو نہیں کھا سکتے ناں" ۔۔۔صابرہ بیگم نے تمہید باندھی
زینب نے سوالیہ نظروں سےماں کو دیکھا۔۔۔اور نفی میں سر ہلا دیا
تو بالکل اسی طرح زندگی کے معاملات ہوتے ہیں جس میں غللط چیزوں کو نکال کر صحیح کو اپنایا جائے تو زندگی بھی آسان ہو جاتی ہے اور آخرت بھی سنور جاتی ہے اور اس کے لیے اللہ نے ہمیں قرآن میں احکام بتاۓ ہیں اب یہ انسان پہ ہے کہ وہ صاف اور گندگی کی پہچان کرے۔۔۔"صابرہ بیگم نے پیار سے سمجھایا
مگر زینب کا ذہن کہیں اورالجھا ہوا تھا وہ آج ٹھان کر آئی تھی کہ ماں سےپوچھے گی ضرور کہ انھیں اس پہ بھروسہ نہیں جو ہر وقت روک ٹوک کرتی ہیں۔۔۔
امی ایک بات تو بتائیں آپ کا دل نہیں چاھتا کہ آپ بھی جاب کرتیں انڈیپنڈنٹ ہوتیں ۔۔۔۔مزے کرتیں سارا سارا دن گھر پہ نہ رہتیں۔۔۔زینب نے عجیب خیالی انداز میں کہا
"نہیں بیٹا یہ تو اللّٰہ تعالیٰ کا نعام ہے مجھ پہ کہ مجھ پہ معاش کا بوجھ نہیں ڈالا میں سکون سے اپنےگھر کو فیملی کو دیکھ سکتی ہوں۔"صابرہ بیگم حیرانی سے بولیں
جی اور ہر وقت اولاد کو کٹہرے میں رکھ سکیں کہاں آ رہے ہو ؟کہاں جا رہے ہو ؟ایسے نہ چلو ؟ایسی ڈریسنگ نہ کرو ؟جلدی کیوں آگئی ؟دیر سے کیوں آئ؟ فون پہ کس سے بات کر رہی ہو؟بس آپ کے یہی مسائل ہیں اور آپ کو ہم پہ اعتبار نہیں کوئ ٹرسٹ نہیں "وہ بہت غصے میں تھی ۔۔۔
صابرہ بیگم نے ایک لمحے کو اسے غور سے دیکھا وہ انھیں ان کی زینب لگی ہی نہیں وہ تو کوئی اورتھی ۔۔۔ چند دنوں سے وہ اس کا بدلتا رویہ تو دیکھ رہی تھیں مگر اس کے اندر کیا طوفان پل رہا ہے افسوس اپنی سادگی کے باعث نہ بھانپ سکیں۔۔
"یہ کیسے لہجے میں مجھ سے بات کر رہی ہو زینب ؟تم ایسی تو نہ تھیں"انہیں شدید صدمہ پہنچا.
"آپ نے بنا دیا ہے مجھے ایسا ہر وقت میرے پیچھے پڑی رہتی ہیں بڑی ہو گئی ہوں بچی تو نہیں کہ صحیح غلط کا پتا نہ چلے۔"وہ بے تکان بول رہی تھی
"جاؤ کمرے میں آرام کرو بعد میں بات کریں گے."صابرہ بیگم نےجیسے اپنے آپ سے کہا
زینب کمرے میں آگئی اسکا سر بھاری ہو رہا تھا دوہری سوچوں کا شکار تھی ایک طرف ماں باپ کی تربیت اوردوسری طرف سحر جیسی آئیڈیل زندگی اسے لگ رہا تھا اس نے بالکل ٹھیک کیا اپنے لیے آواز اٹھائی لیکن امر ہی اندر بے چینی کیوں تھی؟؟؟
شام کو کچن میں آئ صابرہ بیگم ڈنر کی تیاری میں مصروف تھیں ۔۔۔مگر چپ چپ سی تھیں "کوئ ہیلپ کروا دوں؟"زینب نے نارمل انداز میں پوچھا
"آٹا گوندھ لو بیٹا".انہوں نے مختصر جواب دیا
زینب آٹا گوندھنے لگی تو صابرہ بیگم نے پوچھا آٹا گوندھنا کیسا لگتا ہے؟
"بہت مشکل لگتا ہے اور گندا بھی۔"زینب نے منہ بناتے ہوئے کہا
"ہوں۔۔۔مگر اسی آٹے کی روٹی بھی تو کھاتی ہو ۔۔کیا آٹے کو بغیر گوندھے کھنا کھا سکتی ہو؟"انہوں نے پوچھا
زینب نے نے نفی میں سر ہلایا
آٹے پہ سختی کی جاتی ہے اسے جتنا اچھے سے گوندھو اتنی اچھی روٹی بنتی ہے اوروہ پرفیکٹ ہوتا ہے بالکل اس طرح والدین کے لیے اولاد کی تربیت مشکل ٹاسک ہوتا ہے وہ اس پہ سختی کرتے ہیں تاکہ اسے پرفیکٹ بنا سکیں اس میں پیار و محبت کا پانی ڈالتے ہیں اور یہ ٹاسک اللّٰہ رب العزت نے انھیں دیا ہوتا ہے۔۔۔
صابرہ بیگم نے بڑے رسان سے اسے سمجھانا چاھا
"مگر سحر کے پیرنٹس بھی تو اس کی تربیت کر رہے ہیں وہ تو اس پہ سختی نہیں کرتے وہ مجھ سےزیادہ کونفہڈنٹ ہےاپنی مرضی سےزندگی گزارتی ہے؟"اس نے ٹھنکتے ہوۓ کہا اور صابرہ بیگم جیسےمعاملے کی تہ تک پہنچ گئیں۔
ڈنر پہ بھی زینب کچھ چپ چپ سی تھی اس کی خاموشی کو سب نےمحسوس کیا بڑی آپا (نند)نے ایک دو بارپوچھا بھی اور پھر دیورانی رابعہ کے استفسار پر انھیں پڑھائ کی فکر اور کرونا کے حالات کا بہانہ بنانا پڑا ۔۔۔
ارے یہ تو صحیح کہا جب سے یہ موآ کرونا آیا ہے اب سکول کالج بھی بند ہو رہے ہیں کہہ رہے ہیں موبائل پہ پڑھائی بھی ہو گی پہلے ہی بچوں کے ہاتھ میں ہر وقت رہتا ہے اور اب یہ پڑھائی کا بہانہ ۔۔۔اف پتا نہیں کیا ہونے جا رہا ہے؟؟بڑی آپا نے موبائل کے خلاف خوب بھڑاس نکالی۔۔
ٹھیک کہا آپا آپ نے یہ موبائل تو جان کا عذاب بن گیا ہے۔۔رابعہ نے حمایت کی۔۔
زینب کو کوفت ہونے لگی بے زار شکل بنا کر اندر چلی گئی۔۔۔اور صابرہ بیگم نے دکھ اور تاسف سے اسے جاتا دیکھا ۔۔۔
مہمانوں کے جانے کے بعد کچن سمیٹتے ہوئے انہوں نے زینب سے پوچھا کہ اندر کیوں چلی گئی ۔۔۔کیا کرتی آپ لوگوں سے تو موبائل کے خلاف جتنی لمبی تقریر کروا لو بس کم ہے شروع ہی ہو جاتی ہیں۔۔۔۔۔اس نے تنک کر جواب دیا اور لاونج میں آکر ٹی وی آن کر دیا۔۔۔۔
"میں کوئی دودھ پیتی بچی نہیں ہوں جومجھےہربات پہ آپ کی اجازت لینی پڑے'۔ ڈرامے کا کلپ چل رہا تھا بیٹی انتہائی بد تمیزی سےماں سےمخاطب تھی۔۔
یوں نہ چلو۔۔۔ایسے نہ کرو۔۔۔۔یہ نہ کرو ۔۔۔ وہ نہ کرو۔۔۔آخرکب تک۔۔۔ اب کوئی اشتہار چل رہا تھا جس میں لڑکیوں کو بغاوت پر اکسایا جا رہا تھا۔۔۔۔۔
صابرہ بیگم کے دماغ میں جیسے جھکڑ چلنے لگے ان کی اتنے سالوں کی تربیت ۔۔۔۔ان کی محنت سب خاک میں ملتی نظر آ رہی تھی۔۔۔وہ جان گئیں تھیں کہ ان کی نسل ہائ جیک ہو چکی ہے ؟؟؟
آج کی ماں بہت مشکل میں ہے ہر طرف سے دشمن گھیرے ہوئے ہیں وہ اپنی اولاد کی تربیت گھر پہ کر بھی رہی ہے تو باہر کی دنیا اسے کچھ اور سکھا دیتی ہے ۔۔۔ حل کیا ہے ؟؟؟اللہ کی مدد ؟؟؟بے شک اللہ ربّ العزت کی مدد تو ہر حال میں ضروری ہے مگرمعاشرے کو ان ہائی جیکروں سے پاک کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ورنہ ایک زینب ہی نہیں معاشرے کا بچہ بچہ ہائی جیک ہو جائے گااور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔۔۔














