اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے جشن ولادت مصطفی ﷺ کے سلسلے میں 31 اکتوبر سے 6

نومبر تک ہفتہ عشق رسول ﷺ منانے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات کے ساتھ ہمارے تعلق اور نسبت کو اگلی نسل تک پہنچانا یہ ان ناپاک عزائم کا انتہائی مثبت اور موثر جواب ہوگا جو فرانس اور دیگر ممالک گستاخانہ خاکوں کی شکل میں مسلمانوں کی دل آزاری کے لیے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی سطح پر محافل نعت، درود و سلام کی مجالس، جامعات، کالجز، اسکولز اور سرکاری تنظیموں کی سطح پر سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرنے کے لیے تقریری مقابلے، مضامین اور سوال و جواب کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ حضور ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کیا جاسکے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ یہ ان اقدامات کے علاوہ ہے جو وزیراعظم یا وزارت خارجہ یا سفارتی چینلز اپنے طریقے سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بذات خود تمام اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کو ایک خط لکھیں گے جس میں اس طرح کی گستاخانہ کوششوں کو روکنے کے لیے اقدامات پر تجاویز کی گزارش کریں گے تاکہ ایک متفقہ لائحہ عمل سے آگے بڑھا جاسکے۔