
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان21جنوری کو کریگا16اکتوبر سے 13نومبر
تک آسٹریلیا کے 7 وینیوز پر 45میچز کھیلے جائیں گے تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول 21جنوری کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، مجموعی طور پر 16اکتوبر سے 13نومبر تک آسٹریلیا کے 7 وینیوز پر 45میچز کھیلے جائیں گے، ان میں ایڈیلیڈ، برسبین، جیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی شامل ہیں۔آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی 20ورلڈ کپ اب صرف 11ماہ کی دوری پر ہے، شائقین جلد ہی میگا ایونٹ کیلیے اپنا پروگرام تیار کرسکتے ہیں۔ مکمل شیڈول 21جنوری کو جاری کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی شائقین فیصلہ کریں گے کہ انھیں کون سے میچز دیکھنے ہیں، وہ اسی کے لحاظ سے اپنا سفری پروگرام بھی ترتیب دیں گے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت 7 فروری سے شروع ہوگی۔ورلڈ کپ 2022کا فائنل مصنوعی روشنیوں میں میلبورن کرکٹ گراونڈ پر 13نومبر کو کھیلا جائے گا۔
سیمی فائنلز کی میزبانی سڈنی کرکٹ گراونڈ اور ایڈیلیڈ اوول بالترتیب 9اور 10نومبر کو کریں گے،میزبان آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلہ دیش بھارت، افغانستان اور جنوبی افریقہ اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی براہ راست سپر 12راونڈ میں انٹری پا چکے ہیں۔ نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راونڈ 1کھیلیں گے، دیگر 4ٹیموں کا انتخاب 2کوالیفائنگ ایونٹس کے ذریعے کیا جائے گا۔














