
راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک)نیشنل ٹی 20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 42
رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا ۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔
سہیل نے تین کھلاڑیوں کو آٹ کیا، سرفراز احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم، راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سندھ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 147 رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔ سرفراز احمد نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 30، شرجیل خان 24 جبکہ کپتان سعود شکیل اور سعد خان 18، 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سدرن پنجاب کی جانب سے ثمین گل اور محمد الیاس نے تین ، تین جبکہ فیصل اکرم نے دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا ، سدرن پنجاب کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 105 رنز بنا کر آٹ ہو گئی ۔
شارون 36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، ان کے علاہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا ، صہیب مقصود 9، کپتان سلمان علی آغا 4، زین عباس 14، ذیشان اشرف 4۔ معین الدین ایک، محمد عمران 3، محمد الیاس 19، ثمین گل 11 اور فیصل اکرم بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ سندھ کے سہیل خان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور تین وکٹیں حاصل کیں ، دانش عزیز اور زاہد محمود نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا ، سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔














