پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس و رینجرز تعینات کی گئی ہے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی تھیں۔
پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97، جھنگ میں 125،127 اور شیخوپورہ میں پی پی 140 پر ضمنی انتخاب ہوگا۔اس کے علاوہ لاہور کی نشست پی پی 158، 167، 168 اور پی پی 170 پر بھی ضمنی انتخاب ہوگا۔ساہیوال میں پی پی 202، پی پی 217 ملتان، لودھراں کے حلقہ پی پی 224 اور 228 پر بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔بہاولنگر میں پی پی 237 اور مظفرگڑھ کے حلقوں پی پی 272، 273 پر ضمنی انتخاب ہوگا۔لیکشن کمیشن کے مطابق 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن میں 45 لاکھ 96 ہزار 873 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ضمنی الیکشن کے ان حلقوں میں 9 ہزار 528 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 175 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پی پی 158 لاہور میں سب سے زیادہ 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔