
کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں فوری بلدیاتی انتخابات کا
انعقاد کروایاجائے اور با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے، میئر کا انتخاب براہ راست ووٹ کے ذریعے کیا جائے، کوٹہ سسٹم فوری طور پر ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر کراچی کے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائے، حکومت فوری طور پر کے فور منصوبے پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کا فرانزک آڈٹ کرا ئے،حکومت ہنگامی بنیادوں پر کراچی کی سڑکیں، بجلی، پانی اور سیوریج کے نظام کی بحالی کے لئے اقدامات کرے،کراچی کی صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کرے، انفراسٹراکچر بالخصوص سڑکیں فوری طور پر تعمیر کی جائیں،کراچی کو جب تک اس کا حق نہیں ملے گا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کراچی میں شہری مسائل کے حل کے حوالے سے ری بلڈ کراچی کانفرنس کے اعلامیے اور کراچی میں مردم شماری کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، راجہ عارف سلطان، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع قائدین و صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی سیف الدین ایڈووکیٹ اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے کراچی کی مردم شماری کے حوالے سے پہلے وفاقی کابینہ اور پھر مشترکہ مفادات کونسل میں منظوری دے کر کراچی کے عوام کے ساتھ غداری کی ہے،وفاقی حکومت بھی کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہی ہے، کراچی کے باشعور عوام نے اپنی آبادی کو آدھا گنے جانے کے فیصلے کو قبول نہیں کیا تھا، اس لیے درست مردم شماری کروائی جائے، ورنہ اسلام آباد کی طرف مارچ کرسکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی وفاقی حکومت کو تقریباً 55 فیصد اور حکومت سندھ کو تقریبا 95فیصد ادا کرتا ہے، کراچی سے جمع شدہ ریونیو کو کراچی کی ضروریات پر خرچ کیا جائے، تمام بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، ایم ڈی اے ،ایل ڈی اے ،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور تمام کنٹونمنٹ بورڈ وغیرہ کو کراچی میگا میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کے ماتحت کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی کے لیے آئندہ پچاس سال کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماسٹر پلان بنایا جائے، جس میں رہائشی، تجارتی، صنعتی اور زرعی علاقوں کی صحت، تعلیم وغیرہ جیسی تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سرکاری جامعات، کا لجوں اور اسکولوں کا معیار اور تعلیمی اداروں کی حالت میں بہتر ی لائے، کراچی کے طلبا کے لیے صرف 2جامعات ناکافی ہیں، طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کے پوائنٹس سسٹم اور کرایہ میں رعایت کو بحال کیاجائے، با صلاحیت طالب علموں کو تعلیم کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پانی کا آخری منصوبہ کے تھری نعمت اللہ خان نے مکمل کیااور 650 ملین گیلن یومیہ پانی کے K4منصوبہ پر ضروری ورکنگ کی جاچکی تھی تا ہم بد قسمتی سے اربوں روپے کے ضیاع کے باوجود تا حال منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا،اسے فوری مکمل کیا جانا چاہیے، وفاقی اور صوبائی حکومت شہر میں K4منصوبے کے تحت650ملین گیلن پانی کی فراہمی کم کرکے صرف 260 ملین گیلن فراہم کرنا چاہتی ہے،کے فور منصوبے پر صوبائی حکومت نے 15ارب روپے ضائع کر دیئے، عوام کے ان پیسوں کا حساب کون دے گا،کے فورمنصوبے پر خرچ ہونے والے 15ارب روپے کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، کراچی میں پانی کے بحران نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی بے نقاب کر دی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت فوری طور پر کے الیکٹرک کا کنٹرول سنبھال کر کے الیکٹرک کا فرانزک آڈٹ کرا ئے اور لوٹی ہوئی رقم بر آمد کرے، کراچی میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے نظام سے ایک کمپنی کی اجارہ داری ختم کی جائے،نجکاری کی صورت میں 51 فیصد شیئر حکومت کے رکھے جائیں اور کراچی کی شہری حکومت کو اس میں حصہ دار بنایا جائے۔














