پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم ایک سکے کے دو رخ ہیں :حافظ نعیم الرحمن

کراچی( نمائندہ رنگ نو )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی بظاہر ایک دوسرے کے خلاف

سیاسی بیان بازی میں لگی ہوئی ہیں لیکن عملاً یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا، کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کیا۔ نواز لیگ کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 250، پی ایس 129نارتھ ناظم آباد اور این اے 246اورنگی ٹاؤن کے دورے کے دوران انتخابی دفاتر کے افتتاح و کارنر میٹنگز سے خطاب، اہل محلہ و معززین علاقہ کے ساتھ نشستوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان تینوں جماعتوں نے مل کر کراچی کی آبادی پر شب خون مارا، کراچی کی حقیقی نمائندگی، وسائل اور ملازمتوں کے حق پر ڈاکا ڈالا،کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ صرف جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے،جس نے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کے لیے جدو جہد کی اور اہل کراچی کی ایک مضبوط اور توانا آواز بنی۔
جماعت اسلامی کے”منشور کراچی“کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ ”کراچی ترقی کرے گا تو ملک آگے بڑھے گا“۔ جماعت اسلامی اپنے منشور پر عمل درآمد کرے گی اور کراچی کی از سر نو تعمیر و ترقی کرے گی اور ملک کو بھی آگے لے کر جائے گی، تعمیر و ترقی کا واحد نشان ترازو ہے۔ کراچی کے عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں اور ان تمام پارٹیوں کو مسترد کر دیں جنہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا اور اہل کراچی کے ارمانوں کا خون کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں بوہری کمیونٹی کی مسجد اسامیہ مسجد اور بلاک Fمیں بوہری کمیونٹی کے دفتر گئے اور کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ حافظ نعیم الرحمن پہاڑ گنج اور بفرزون بھی گئے اور علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں جہاں ان کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا۔