
لاہور(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )چینی اسیکنڈل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے
رہنما ءجہانگیر ترین کے 14، ان کے بیٹے علی ترین کے 21 اور ان کی اہلیہ کا ایک اکاونٹ منجمد کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سٹہ مافیا اور جے ڈبلیو کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے رہنما اور چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاونٹس منجمد کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اکاونٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کئے گئے، اکاونٹس جہانگیر ترین گروپس کی مبینہ منی لانڈرنگ، غیر قانونی شیئرز کی خرید و فروخت، فراڈ اور سٹہ مافیا سے تعلق ہونے پر منجمد کیے گئے اور منجمد کئے گئے اکاونٹس میں جہانگیر ترین کے 14، ان کی اہلیہ آمنہ ترین کا ایک اور ان کے بیٹے علی ترین کے 21 اکاونٹس شامل ہیں، جن میں کروڑوں روپے کی رقم موجود ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ 9 سرکاری اور نجی بنکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاونٹس منجمد کئے ہیں، جن میں 4 امریکی ڈالرز، 2 برطانوی پاﺅنڈز اور 30 پاکستانی کرنسی کے اکاﺅنٹس ہیں۔ دریں اثناءمیڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین شیئر ہولڈرز کے ساتھ مبینہ فراڈ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے آفس میں پیش ہوگئے۔
جہانگیر ترین عدالت سے حفاظتی ضمانت لینے کے بعد ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔جہانگیر ترین کو ایف آئی اے نے 3 بجے مطلوبہ ریکارڈ کے ہمراہ طلب کر رکھا تھا،اس سے قبل جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کیس کی تحقیقات کیلئے وکلا ٹیم کے ہمراہ ایف آئی اے آفس پہنچے۔علی ترین کو ایف آئی اے نے دن 10 بجے طلب کر رکھا تھا۔جہانگیر ترین اور علی ترین کی طلبی پر ایف آئی اے میں سائلین کا داخلہ بند کردیا گیا اور پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ،علی ترین نے ڈیڑھ گھنٹہ تک ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جواب دیے۔ ذرائع نے بتایا کہ علی خان ترین سے 4 ارب کے مالیاتی فراڈ سے متعلق پانچ سوالات کے جوابات مانگے گئے تھے۔














