
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان ریلویز راولپنڈی ڈویژن نے کورونا وائرس کے
پھیلاﺅ کے خطرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سٹیشنوں پر خصوصی سکریننگ کے انتظامات کر دیئے ہیں، اندرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو چیک کرنے کے بعد جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
پاکستان ریلویز کے ترجمان مطابق ڈویژن بھر کے تمام افسران خصوصاً ڈاکٹرز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ تمام ریلوے سٹیشنز پر کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں، تمام سٹیشنز کے اوپر اور گاڑی کے اندر کام کرنے والے عملہ کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنی اور مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔
تمام اہم مقامات پر اس سلسلہ میں عوام کیلئے آگاہی پمفلٹ آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں مسافروں سے گزارش ہے کہ سکریننگ عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور سٹیشن کے داخلی/خارجی گیٹس کا استعمال لائن بنا کر کریں۔














