مردوں کا گھروں میں اعتکاف بیٹھنا جائز نہیں: فتویٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ

لاہور (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے پیش نظر دارالعلوم جامعہ نعیمیہ نے مساجد میں اعتکاف کے حوالہ سے شرعی فتویٰ جاری کردیا۔فتویٰ میں

کہاگیا ہے کہ مردوں کا گھروں پر اعتکاف میں بیٹھنا جائز نہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر بجا لاتے ہوئے مساجد میں اعتکاف کیا جائے۔
اعتکاف رسول مکرمؐ کی محبوب سنت ہے۔اسے ترک کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔مساجد میں مناسب فاصل رکھ کر ان کی وسعت کے حساب سے افراد کو اعتکاف بیٹھنے دیا جائے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بچوں بوڑھوں اور بیماروں کو مسجد میں اعتکاف بیٹھنے سے منع کر دیا جائے۔
۔رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مرد حضرات کا مسجد میں اعتکاف بیٹھنا سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے۔ کفایہ کا مطلب ہے کہ محلہ /بستی میں سے ایک یا دو بندے بھی مسجد میں اعتکاف بیٹھ جائیں توسب کو کفایت کر جائے گا یعنی اس حوالے سے محلہ وبستی والوں سے باز پرس نہ ہوگی۔ مرد مسجد میں اورعورتیں گھروں میں اعتکاف بیٹھیں۔
فتویٰ میں شیخ الحدیث مفتی ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی،شیخ الفقہ مفتی محمدعمران حنفی نے مزید لکھاہے کہ ”اعتکاف کا لغت میں معنی ہے ٹھہرنا اور اصطلاح شرع میں اس کا معنی ہے مسجد میں رہنا، روزہ سے رہنا، جماع کو بالکل ترک کرنا اور اللہ عزوجل سے تقرب کی نیت کرنااور جب تک یہ معانی پائے نہ جائیں شرعا اعتکاف متحقق نہیں ہوگا لیکن مسجد میں رہنے کی شرط صرف مردوں کے اعتبار سے ہے، عورتوں کے لئے یہ شرط نہیں ہے، ہر مسجد میں اعتکاف ہوسکتا ہے۔