
اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آبادہائیکورٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران وکلا برادری کوخصوصی فنڈز کی فراہمی کاحکم جاری کرنے کی درخواست مسترد
کرتے ہوئے درخواست گزار وکیل کو بار ایسوسی ایشن کے پاس جانے کی ہدایت کردی۔
درخواست گزار وکیل ملک عبدالرحمن کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہاکہ عدالت حکومت کو وکلا کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرے، اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلا کو اسپیشل معاونت کی ہدایت جاری کی جائے، عدالت لاک ڈاون کے دوران کمائی نہ کر پانے والے وکلا کے لیے حکومت کو معاونت کی ہدایت کرے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ اجتماعی معاملہ ہے اس کو بار ہی دیکھنے کا حق رکھتی ہے۔آپ نہیں بلکہ بار پہلے قرارداد منظور کرائے گی پھر حکومت کے پاس جا سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ یہ عدالت انفرادی طور پر آپ کی اس درخواست کو نہیں سن سکتی، بار کا اپنا وقار ہے جس کے معاملات میں عدالت مداخلت نہیں کرے گی،اگر حکومت کوئی بات نہیں سنتی تو پھر بھی عدالت میں آپ نہیں بار آسکتی ہے۔














