
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام ) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے وزیر اعلی سندھ کی
جانب سے 11 مئی سے مارکیٹیں کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے حکومت سندھ کے اس فیصلے کو دانشمندانہ اور تاجروعوام دوست فیصلہ قرار دیا ہے۔سندھ اسمبلی اڈیٹوریم میں وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے بعد اسمال ٹریڈرز مجلس عاملہ کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا پوری تاجر برادری کو جاتا ہے میں تمام تاجر رہنماؤں کا مشکور ہوں اور خاص طور پر بزنس مین گروپ اور کراچی چیمبر کے سرپرست جناب سراج قاسم تیلی کا خصوصی طور پر مشکور ہوں جنہوں نے اس نازک وقت میں مداخلت کرکے اس مسئلہ کو حل کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔
اسمال ٹر یڈرز کے صدر نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کابھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس موومنٹ میں تاجر وں کا ساتھ دیا اورمارکیٹوں کو کھولنے کے لیے تاجروں کا بھرپور ساتھ دیاور تاجروں کو اس نازک وقت میں بہت سہارا دیا ۔
محمود حامد نے تمام مارکیٹ کے نمائندوں اور تاجر رہنماؤں سے اپیل کی کہ اب ان کے اوپر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لائیں اور ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے مارکیٹوں کو کھولیں سوشل ڈسپنسنگ کا خاص طور پر خیال رکھیں تاکہ کوئی وائرس کی وجہ سے کراچی کے اندر وبا نہ پھیلے۔














