الخدمت کراچی کے وفد کا ترک قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ کا دورہ

کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کےوفدنےترک قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ کا دورہ کیا ۔ وفد کی قیادت ایگز یکٹو ڈئریکٹر الخدمت راشد

قریشی نے کی۔ ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے وفد کا استقبال کیا ۔وفد میں الخدمت کے وہ رضاکارشامل تھے جنہوں نے کراچی سے ترکیہ جاکر وہاں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو ( ایس اے آر) آپریشن میں حصہ لیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سیدصدرالدین ،منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ ،ڈاکٹر کاشف فاروقی ،فوادشیروانی ودیگر موجود تھے ۔ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے ترکیہ میں خدمات انجام دینے والے الخدمت کے رضاکاروں سے حالات اور وہاں ہونے والے تجربات سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔

 ترک قونصل جنرل نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے الخدمت واہل پاکستان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ترکی پرمشکل وقت آیا تو الخدمت اور اہل پاکستان نے جس طرح ہماری مدد کی ہے وہ لائق تحسین ہے ۔پاکستان ہمار ا برادر ملک ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے ۔

ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنا ہمارا فرض تھاکہ ہم مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں کی مدد کریں ۔اس میں شکریہ کی کوئی بات نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی زلزلہ یا سیلاب آیا ترکیہ نے بھی پاکستان کی دل کھول کر مدد کی اور بھرپور ساتھ دیا ،جسے ہم فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلہ آیا تو پوری پاکستانی قوم مغموم تھی اور اس مشکل وقت میں دعا گو بھی تھی ۔

راشد قریشی نے مزید کہا کہ ترکیہ کے عوام اورپاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ترکیہ اور پاکستان دو ممالک ضرور ہیں مگر ان ان کی سوچ اور نظریہ ایک ہے ۔ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ اللہ پاک جلد ترکیہ بھائیوں کی مشکلات کوحل کرے اور وہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں ۔