
اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں نجی چینل کے دفتر کے
گھیراؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے نام پر کسی کو بھی آزادی صحافت پر حملے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
میڈیا کو دباؤ میں ڈالنا اور ڈکٹیٹ کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلسل آزادی صحافت پر حملہ آور ہے۔ یہ عمل برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ جمہوری، بنیادی انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادیاں تک سلب کر دی گئی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک گروپ نے آکر میڈیا ہاؤ س کا راستہ بند کر دیا اور حکومت تماشا دیکھتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈان کا گھیراؤ کو میڈیا کی آواز دبانے کا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھیراؤ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ پیپلزپارٹی ان فاشسٹ ہتھکنڈوں کے خلاف صحافی برادری کے ساتھ ہے۔














