
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آصف زردری
کی بیماری کا اسٹیٹس میڈیکل بورڈ دے سکتاہے۔ حکومت حتمی میڈیکل رپورٹ آنے تک زرداری کے باہر جانے کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔وزیراعظم احتساب کے بیانیہ پر آج بھی قائم ہیں،احتسابی عمل میں رتی برابر لچک ہے نہ حکومت پیچھے ہٹے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفت گو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ملکی آئین و قانون کسی کی خواہش کے تابع نہیں ملک کی بدقسمتی رہی کہ 72 سالوں سے قانون طاقتور کے گھر کی لونڈی بنارہا اور ادارے کمزور رہے۔ طاقتور شخصیات ان اداروں کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرتے رہے۔ اگر کسی کی صحت خراب ہے اس قیدی کو قانون اور آئین کے مطابق جو ضابطے متعین ہیں اس کے مطابق چلنا ہے
انہوں نے کہاکہ احتساب کا بیانیہ پر حکومت کا آج بھی قائم ہے، وزیراعظم اس پر قائم ہیں اس میں ذرا برابر بھی نہ لچک ہے نہ ہم اس سے پیچھے ہٹیں گے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں بالکل واضح ہے کہ جس نے اس ملک کولوٹا ہے اور اس ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے وہ کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
طلباء یونین کی بحالی کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتیں اس حوالے سے لائحہ عمل طے کررہی ہیں حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں امید ہے اس حوالے سے ہمیں بہتر خوشخبری ملے گی۔




































