
اسلام آباد (ویب دڈیسک ،خبر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے
اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے امور پر باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کی بے پناہ صلاحیتوں کو مکمل طور پر سمجھنے اور اس کو ایک مضبوط اور متحرک تجارتی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں ممالک کے صدور نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کو اسلام فوبیا سمیت امت کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کےلئے مل کر کام کرنا جاری رکھنا چاہئے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے جمعرات کو ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر اردوان اعلیٰ سطح کے سٹرٹیجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے چھٹے اجلاس کےلئے پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ صدر پاکستان نے صدر اردوان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بہتر اور کثیر الجہتی تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ان کو وسعت ملے گی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاسی، معاشی، ثقافتی، دفاع اور عوام کی سطح پر رابطوں سمیت تاریخی دوطرفہ تعلقات کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں ان کے اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔














