
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے چیئرمین فخرامام نے حریت کانفرنس کے
چیئرمین سید علی گیلانی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ بزرگ حریت رہنما کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات دے،
انہوں نے کہا کہ دنیا اب بھارت کا جھوٹ ماننے کیلئے تیار نہیں،یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونگے،وہ جمعرات کو جموں وکشمیرسالویشن مومنٹ کے صدر اور سیئر حریت رہنماءالطاف بٹ سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی ،
اس موقع پر الطاف بٹ نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور اپنے حالیہ دورہ برطانیہ سے آگاہ کیا ، چیئرمین کشمیر کمیٹی نے اس موقع پرمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں آواز اٹھ رہی ہے،
یورپی پارلیمنٹ نے بھارتی مظالم کیخلاف قرار داد منظور کی، قرارداد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونگے انہوں نے کہا کہ متنازعہ شہریت بل سے بھارت کی اصلیت کھل کر سامنے آچکی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے سید علی گیلانی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پرزوردیاکہ وہ بزرگ حریت رہنما کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات دے، انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ تمام کشمیری لیڈرشپ کو فوری طور پر رہا کرے۔














