
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاک۔سعودی تعلقات ہمیشہ کی طرح مضبوط اور
مستحکم ہیں، ہم تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ اسلامی اقدار کے حامل ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق ایک دِلوں کا رشتہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادمین الحرمین الشریفین کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کو سراہتے ہیں، یہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود سعودی حکومت نے امسال حج کے لئے مؤثر انتظامات کئے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو تقویت دینے پر اتفاق کیا اور ٹی وی ڈراموں کے تبادلے اور ایک دوسرے کے ممالک میں فلموں کی نمائش پر زور دیا۔ دونوں اطراف سے مسلمان مشاہیر کی زندگی، ان کی کامیابیوں اور اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے والے پروگراموں کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سعودی عرب پہلا ملک تھا جس کا انہوں نے سب سے پہلے دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بھی وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کے اظہار اور حمایت کیلئے سب سے آگے رہا۔ سعودی سفیر نے وزیر اطلاعات کو سعودی عرب میں کورونا صورتحال سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب میں کورونا کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔














