سینیٹ الیکشن میں سیاستدانوں کوخریدنےکی منڈی لگی ہوئی ہے :زیراعظم عمران خان

اٹک ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی،فوٹو فائل ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ

سینیٹ الیکشن میں سیاستدانوں کو خریدنے کےلئے منڈی لگی ہوئی ہے، پٹواریوں، تھانیداروں کی کرپشن سے لوگ تنگ ہوتے ہیں لیکن اس سے ملک تباہ نہیں ہوتا ملک تب تباہ ہو تا ہے جب وزیراعظم اور وزرا کرپشن کریں ، پاکستان بدقسمتی سے موسم کی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، ہم آئی ٹی کے شعبے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور ٹیکنالوجی زون قائم کریں گے۔
غازی بروتھا میں موسم بہار اور شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب سے خطا ب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ درخت آپ کے مستقبل کے لیے اتنا ضروری ہے کہ آپ کو اندازہ نہیں یہ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان بدقسمتی سے موسم کی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے اور گرین ہاو¿س گیس کے اثرات کی وجہ سے دنیا میں موسم گرم ہو رہا ہے لہٰذا ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہمیں اپنے ملک میں گرم ہوتے ہوئے موسم کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہر چیز کرنی چاہیے اور اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ پاکستان میں 10ارب درخت اگانے کا جو پروگرام ہے اس کو سب کامیاب کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں 10 لاکھ درخت لگیں گے تو میں آپ سے وعدہ لوں گا کہ آپ نے ان درختوں کی حفاظت کرنی ہے اور ہم آپ کو کھیل کے میدان بنا کر دیں گے درخت ہمارے مستقبل کے لیے ضروری ہیں اور کھیلوں کے میدان ہمارے نوجوانوں کی صحت کے لیے ضروری ہیں، بدقسمتی سے نہ ہم نے اس ملک میں درخت لگائے، 70سال میں ہم جو انگریز جنگلات چھوڑ کر گیا تھا، وہ بھی ختم کر دیے لاہور میں پچھلے 20سالوں میں 70فیصد درخت کاٹ دیے ہیں اس کا نتیجہ یہ ہے کہ لاہور میں آلودگی بوڑھے اور بچوں کی صحت کے لیے نہایت خطرناک ہے اور جب تک ہم بحیثیت قوم یہ فیصلہ نہیں کریں گے کہ ہم نے اپنی تقدیر بدلنی ہے، اس وقت تک یہ خطرہ بڑھتا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں درخت بھی لگیں گے اور ہم آپ کے لیے 10 کرکٹ گراو¿نڈ بھی بنائیں گے، اگر ہم نے یہ دیکھا کہ آپ درختوں کی حفاظت نہیں کررہے ہیں تو آپ کے ایک ایک کرکٹ گراو¿نڈ کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔