راولپنڈی(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی،فوٹو فائل)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے
کہا ہے کہ پاک، قطر تعلقات دیر پا شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں ۔وہ پیر کوقطری وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر مطلق بن ماجد القہطانی سے بات چیت کر رہے تھے، آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر بھی گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ پاکستان اور قطرمشترکہ تاریخ اور بہترین تعلقات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور گہرے تعلقات ہیں۔قطری نمائندہ خصوصی نے علاقائی امن و استحکام کےلیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور قطر کے درمیان بہترین تعلقات کے لیے کام کرتے رہیں گے۔