
بنتِ اسماعیل
علامہ محمد اقبال افکار میں، گفتار میں اور کردار و معیار میں ایک عظیم الشان شخصیت ہیں۔ ان کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک زندہ فکر،
ایک بیدار پیغام اور ایک ایسی دعوت ہے جو انسان کو اپنی حقیقت پہچاننے اور اپنی منزل متعین کرنے کا شعور عطا کرتی ہے۔ ان کے نظریۂ توحید، خودی اور بالخصوص تصورِ قومیت نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔
اقبال کے نزدیک قومیت کی بنیاد رنگ، نسل، زبان، جغرافیے اور وطن کی سرحدوں پر نہیں بلکہ عقیدہ، ایمان اور نظریۂ حیات پر قائم ہے۔ وہ مسلمانوں کو ایک ایسی ملت کی حیثیت سے دیکھتے ہیں جس کا مرکز و محور توحید اور جس کی اساس کلمۂ لا الہ الا اللہ ہے۔ ان کے نزدیک مسلمان دنیا کے کسی بھی خطے میں آباد ہو، اس کی اصل پہچان اس کا اسلامی تشخص اور ملتِ اسلامیہ سے وابستگی ہے۔ یہی وہ فکر ہے جو مسلمانوں کو علاقائی، لسانی اور نسلی تعصبات سے بلند ہو کر ایک امت بننے کا درس دیتی ہے۔
اقبال کا یہ تصور مجھے اس لئے زیادہ متاثر کرتا ہے کہ آج ہمارا معاشرہ مختلف تعصبات کا شکار ہے۔ زبان، نسل، علاقے اور مفادات کی بنیاد پر ہم ایک دوسرے سے دور ہوتے جا رہے ہیں جب کہ ہمارا دین ہمیں اخوت، اتحاد اور اجتماعیت کا پیغام دیتا ہے۔ اقبال ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہماری اصل قوت ہماری ملت کی وحدت میں پوشیدہ ہے۔
اقبال کا نظریۂ توحید بھی اسی فکر کی بنیاد ہے۔ ان کے نزدیک انسان کا سر صرف اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکنا چاہئے۔ اسے دنیا کی کسی طاقت، دولت، جاہ و منصب یا اقتدار کے سامنے اپنی خودداری اور غیرتِ ایمانی کا سودا نہیں کرنا چاہیے۔ توحید محض اللہ کو ایک ماننے کا نام نہیں بلکہ ہر قسم کی باطل غلامی سے آزادی اور صرف اللہ کی بندگی اختیار کرنے کا انقلابی تصور ہے۔
اسی طرح اقبال کا نظریۂ خودی انسان کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے، کردار بلند کرنے اور اپنی زندگی کو اللہ کی رضا کے تابع کرنے کا درس دیتا ہے۔ خودی غرور یا انانیت نہیں بلکہ ایمان، خودداری، خود اعتمادی اور بلند کردار کا نام ہے۔ جب فرد اپنی خودی کو پہچانتا ہے تو وہ اپنی ذات سے بلند ہو کر ملت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنتا ہے۔
اقبال نے اسی آزادی اور بندگیِ رب کے تصور کو کیا خوب بیان کیا ہے:۔
وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات
میرے نزدیک اقبال کا پیغام آج بھی ہماری فکری اور عملی راہنمائی کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں اپنی پہچان، اپنے مقصد اور اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا۔ ہمیں ایسی خودی پیدا کرنی ہوگی، جو اللہ کے حضور جھکنا جانتی ہو، ایسی فکر اپنانی ہوگی جو ملت کے اتحاد کو مقدم رکھے اور ایسا کردار بنانا ہوگا جو امت کی تعمیر و سربلندی میں اپنا حصہ ادا کرے۔
میں اقبال کے افکار سے یہی سبق حاصل کرتی ہوں کہ مسلمان کی انفرادی زندگی بھی اللہ کی بندگی سے وابستہ ہو اور اجتماعی زندگی بھی اسی نظریے کے تابع ہو۔ ہماری پہچان ہمارا ایمان، ہماری قوت ہماری وحدت اور ہماری منزل اللہ کی رضا ہونی چاہئے۔ یہی اقبال کے پیغام سے میری فکری وابستگی ہے۔




































