وزیراعظم نے پی ٹی وی کی فیس میں 65 روپے کا اضافہ موخر کردیا

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بعض وزراءکے اعتراض پر وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی کی فیس میں 65

روپے کے اضافے کا معاملہ موخر کردیا ، کابینہ ارکان نے کہا کہ پی ٹی وی کو 14ارب سے زائد کا خسارہ ہے پہلے اس کا حساب لیا جائے پھر بتایا جائے کہ میڈیا ٹیم کی کیا کارکردگی ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا سمیت بعض اراکین کی یہ رائے تھی کہ پی ٹی وی فیس میں اضافے سے متعلق فیصلہ کرنے سے قبل عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تھا ایک ادارہ 14ارب سے زائد خسارے کا شکار ہے اور ہم اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے جارہے ہیں ایسا کرنے سے حکومت کی سبکی ہوگی ۔
وزیراعظم نے اس معاملے پر دیگر وزراءکا موقف سننے کے بعد پی ٹی وی فیس میں اضافہ موخر کردیا اس موقع پر فیصل واڈا نے حکومتی میڈیا ٹیم پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ میڈیا ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہے حکومت نے ملک کو معاشی بحران سے نکالا ، تعمیراتی صنعت کیلئے پیکج کا اعلان کیا کیا اسے سرکاری میڈیا میں بہتر انداز سے پیش کیاگیا اس مایوس کن کارکردگی کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ فیصل واڈا کی وزارت کی کارکردگی بہتر ہے اور وہ ان کے اس موقف کی تائید کرتے ہیں کہ میڈیا میں حکومت کا امیج مزید موثر انداز میں پیش کیاجانا چاہیے ۔ وزراءنے بھی اسد عمر کی بات کی تائید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے معاملے پر دہائیوں پر کام کا آغاز ہوا اس معاملے کو بھی بھرپور انداز میں میڈیا میں اچھالنا چاہیے تھا مگر ایک دو دن بعد یہ معاملہ دب گیا ۔