
لاہور / کراچی(ویب ڈیسک )ملک میں کم و بیش 2 ماہ بعد مسافر ٹرین سروس کا دوبارہ کا آغاز کردیا گیا۔ پہلی ٹرین پاکستان ایکسپریس راولپنڈی
سے بدھ کی صبح 6 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوئی جبکہ دوسری ٹرین لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی۔
کراچی سے بھی ٹرین آپریشن 56روز بعد بحال ہو گیا ہے اور عوام ایکسپریس 456 مسافروں کو لیکر پشاور کے لیے روانہ ہوئی، پاکستان ریلوے کے مطابق کراچی سے راولپنڈی کے لیے پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے، سیالکوٹ کے لیے علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2بجے، لاہور کے لیے قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے، لاہور کے لیے پاک بزنس شام 4 بجے، لالہ موسی کے لیے ملت ایکسپریس شام 5 بجے، لاہور کے لیے شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے، اسلام آباد کے لیے گرین لائن رات 9 بجے، جیکب آباد کے لیے سکھر ایکسپریس رات 9 بج کر 40 منٹ اور پشاور کے لیے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہو ئی۔
چیف کمرشل منیجر پسنجر ملک محمد فاروق کے مطابق ٹرینوں میں گنجائش سے 60 فیصد لوگ سفر کریں گے جبکہ 40فیصد نشستیں کالی رکھی جائیں گی، ٹرینوں میں بکنگ صرف اورصرف آن لائن کی جارہی ہے۔ ریلوے اسٹیشن سے 200 میٹر تک کا علاقہ غیر ضروری افراد کیلئے بند رہے گا۔ مسافر ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن میں داخل ہوں گے تاہم ان کے اہل خانہ اسٹیشن نہیں آئیں گے۔ اسٹیشن کی حدود میں صرف ٹکٹ رکھنے والوں ہی کو داخلے کی اجازت ہوگی۔














