
اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، ہم افغانستان کے ساتھ اچھے
تعلقات چاہتے ہیں، غیر وابستہ تحریک کے اجلاس میں بھی یقین دلایا کہ پاکستان کورونا وباء کے تناظر میں اپنے افغان بھائیوں سے وہی سلوک کرے گا جیسا وہ اپنے شہریوں سے برتاؤ کرے گا۔
افغان مہاجرین میں راشن بیگز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کے اسوہئ حسنہ اور اسلامی تعلیمات سے ہمیں دوسروں کی مدد کا درس ملتا ہے، خیرات اور زکوۃ پر بار بار زور دیا گیا ہے، حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سو سال سے جو قومیں ہمیں انسانیت اور حقوق العباد کی نصیحتیں کر رہی تھیں وہ قومیں مہاجرین کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
افغانستان میں امن سے افغان مہاجرین اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے، ترکی اور پاکستان نے دل کھول کر اپنے مہاجر بھائیوں کی مدد کی ہے، عید کے اجتماعات کے دوران بھی ہمیں ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دینا ہے اور کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ترکی اور پاکستان نے دل کھول کر اپنے مہاجر بھائیوں کی مدد کی ہے، ترکی میں شام سے لاکھوں سے مہاجرین آئے ہیں جبکہ پاکستان میں افغانستان سے آئے ہوئے لاکھوں مہاجرین 35 سال سے مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مستقبل میں اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔














