
کراچی( رنگ نو ڈیسک)تحریک آزادی کے سرخیل، بے باک اورنڈرقائد اہل کشمیرسمیت پوری قوم کےدلوں کی دھڑکن سیدعلی گیلانی کی
غائبانہ نماز جنازہ جمعرات کو نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں ادا کی گی، نماز جنازہ میں اہل کراچی نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر کے عظیم قائد سید علی گیلانی کی لازوال قربانیوں، بھارت کے خلاف زبردست مزاحمت اور جہد مسلسل کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا، ان کی مغفرت و درجات کی بلندی کی دعا کی اور تحریک آزادی کشمیر سے بھر پور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔نماز جنازہ میں میں نوجوانوں، بزرگوں، اساتذہ طلبہ، وکلاء، صحافیوں، علماء کرام، تاجروں، ڈاکٹرز، انجینئر سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد و سول سوسائٹی اور مختلف، دینی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے نمازجنازہ کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کا سانحہ ارتحال پر پوری امت اور ہر باضمیر انسان کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ سید علی گیلانی حق اور انصاف کے راستے پر ڈٹے رہے، اپنے اصولی موقف سے دست بردار نہ ہونے اور جہد مسلسل و مزاحمت کا استعارہ تھے۔ 92سال کی پوری زندگی میں ان کے پایہ استقامت میں کوئی لغزش نہ آئی اور ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے“ کشمیر بنے گا پاکستان، ان کی جدو جہد اور زندگی کا مقصد تھے۔ وہ اسلام کی آفاقیت پر یقین رکھتے تھے، وہ سید مودودی ؒ کی فکر، فلسفہ جہاد اور علامہ اقبال کے عاشق تھے۔ جہاد فی سبیل اللہ میں مصروف طاغوت کے خلاف بر سرپیکار رہے۔ بھارت کے تسلط کو ایک دن کے لیے بھی قبول نہیں کیا۔ حق خودارادیت اور الحاق پاکستان ان کا دیرینہ اور پختہ موقف تھے۔ ان کی پوری زندگی اور جہد مسلسل کا ہمارے لیے ہماری حکومت اور ریاست کے لیے یہ پیغام ہے کہ موجودہ آزاد کشمیر کی طرح مقبوضہ کشمیر بھی جہاد فی سبیل اللہ کے ذریعے ہی حاصل ہو سکتا ہے۔ صدر اور وزیر اعظم کے بیانات اور ٹویٹ اپنی جگہ لیکن ان سے آگے بڑھ کر اقدامات کرنا ہوں گے اور تحریک آزادی کشمیر کو حتمی اور منطقی اختتام تک پہنچانا ہو گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے 40سال قید اور نظر بندی میں گزارے، حکومت ان کی جدو جہد و قربانیوں اور پاکستان سے ان کے گہرے تعلق اور رشتے کے حوالے سے اسباق نصاب تعلیم میں شامل کرے اور بچوں کو ان کی فکر اور حالات زندگی سے آشنا کرے۔ سید علی گیلانی سیز فائر لائین کو تسلیم کرنے اور ادھر ہم اور ادھر تم کے نعرے کے ہمیشہ مخالف رہے۔ ہمارے حکمرانوں نے ان کو نظر انداز اور مایوس بھی کیا لیکن وہ اپنے موقف پر ہمیشہ قائم رہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی باتیں مودی کا ایجنڈا ہیں۔ اہل کشمیر اور پاکستانی عوام الحاق پاکستان کے سوا کچھ قبول نہیں کریں گے۔ سید علی گیلانی کی فکر اور سوچ کا نتیجہ ہے کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر میں شہداء کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا جاتا ہے اور وہاں نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں پاکستانی پرچم کے ساتھ دفن کیا جائے۔ سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد بھارتی غاصب افواج نے ظلم اور جبر کے ذریعے ان کی تدفین کو روکنے کی کوشش کی لیکن ان کے باوجود ان کی میت پاکستانی پرچم میں ہی سپرد خاک کی گئی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی و عسکری تحریک آزادی ایک بار پھر زور پکڑ رہی ہے۔ برہان مظفر وانی کی شہادت اور بھارت کے 5اگست کے اقدام کے بعد جدو جہد آزادی مزید تیز ہو گئی ہے کشمیر یوں کی عسکری جدو جہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔ چارٹر کے آرٹیکل 51کے تحت اگر کوئی فوج حملہ آور ہوکر لوگوں کے حقوق ضبط کرے تو اس کے خلاف اسلحہ اُٹھا کر جدو جہد کی جا سکتی ہے۔ اس لیے ان کی جدو جہد ایک قانونی جدو جہد ہے۔ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ نے برسوں سے دہرا معیار اختیار کیا ہوا ہے۔ سلامتی کونسل کی قرار دادیں موجود ہیں لیکن کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا جبکہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے حوالے سے قراردادوں پر فوری عمل کرایا جاتا ہے۔














