
ممبئی: بھارت کے بین الاقوامی شہرت یافتہ موسیقار اللہ رکھا رحمان المعروف اے آر رحمٰن نے اپنی بیٹی کے حجاب پہننے پر سوشل میڈیا صارفین
کی جانب سے کئے جانے والے منفی پروپگینڈے منہ توڑ جواب دے دیا۔اے آر رحمٰن کے آسکر ایوارڈ جیتنے کے 10 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے متعلق منعقدہ تقریب کے دوران جب ان کی صاحبزادی خدیجہ کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تو انہوں نے باحجاب رہتے ہوئے اسٹیج پر اپنے والد کا انٹرویو کیا تھا۔تاہم اس تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر نام نہاد لبرلز اور اسلام مخالف لوگوں نے خدیجہ کے لباس کی وجہ سے ان کے والد اے آر رحمٰن پر منفی تبصرے کرتے ہوئے ان کو ایک قدامت پسند شخص قرار دیا تھا۔
تنگ نظرناقدین کو بھرپور جواب دیتے ہوئے اے آر رحمان نے بھارت کے ممتاز بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی کے ساتھ اپنی بیٹی کی تصویر ٹویٹر پر شیئر کی۔ اس تصویر میں اے آر رحمٰن کی بیٹی حجاب میں ہی موجود تھیں، جبکہ اس ٹویٹ میں اے آر رحمان نے #FreedomToChoose کا ٹیگ استعمال کیا جو ناقدین کے لیے ایک جواب تھا۔














