وزارت خزانہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے،حفیظ شیخ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد ا لحفیظ شیخ سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ملاقات کی  جس

میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
معاون خصوصی نے مشیر خزانہ کو پروگرام کے مختلف پہلو پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔عثمان ڈا ر کا کہناتھاکہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت اب تک تقریباً 8 ارب روپے مالیت کے قرضے منظور ہوچکے ہیں۔
پروگرام کے دوسرے مرحلے کیلئے اسٹیٹ بنک کی طرف سے تمام بنکوں کو مراسلہ بھیجا جا چکا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی وزیراعظم جوان پروگرام کے ساتھ ملکر مائیکرو فنانس سکیم میں اشتراک کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ڈاکٹر عبد لحفیظ شیخ نے کہا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کیلئے مالی وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
نیشنل بینک آف پاکستان کو 5000 سے زائد منظور شدہ قرضوں کی جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ باہمی اشتراک کے معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت چھوٹے قرضے دینے کیلئے مزید مالی وسائل دستیاب ہوں گے۔