
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ
اضافہ ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرنا ظلم کی انتہاہے،جب وزیراعظم کا دولاکھ میں گزارا نہیں تو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے؟۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی ہے،سرکاری ملازمین اور عوام کے خلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے،ثابت ہوگیا کہ یہ عوام کی نہیں آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے،عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہاتھا کہ خود کشی کرلیں گے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے،آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بری خبر ہے،سرکاری ملازمین کے خلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے،سرکاری ملازمین اور عوام کو تنہانہیں چھوڑیں گے، ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔














