
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ عمران خان کی موجودگی میں مائنس ون سے
مائنس آل ہو جائے گا کیونکہ عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کا ووٹر اور رکن پارلیمنٹ کسی کو اس طرح قبول نہیں کرے گا، یہ کہنا مشکل لگتا ہے کہ جب اکثریتی پارٹی باہر ہو جاتی ہے تو پھر وہ ایوان کیسے چلے گا؟
غیر ملکی یب سائٹ کو انٹرویو د یتے ہوئے وفاقی وزیر نے کابینہ میں وزرا کے درمیان منتخب اور غیر منتخب کی بحث کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں بحث میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نان الیکٹڈ کا انتخاب بھی الیکٹڈ ہی کرتا ہے۔ وزیراعظم منتخب ہیں انہوں نے اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا ہے۔ مثلاً ایک خاص شعبے کے لیے آپ کو پارلیمنٹ کے اندر سے اس طرح کا ایکسپرٹ نہیں ملتا جو کہ آپ کو کہیں باہر سے ملتا ہے تو اسے کیوں نہ شامل کریں اور اپنا کام چلائیں۔ اس حوالے سے ہماری حکومت میں مجھے کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ ظاہر ہے فیصلے وزیراعظم کو کرنا ہوتے ہیں اور آخری رائے ان ہی کی ہوتی ہے، خواہ وہ تجویز الیکٹڈ کی طرف سے آئے یا یا نان الیکٹڈ کی طرف سے آئے۔
اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو علمائے کرام کی طرف سے بھیجے گئے اعتراضات میں سرکاری فنڈنگ پر سوال اٹھایا گیا تھا مگر مندر کی تعمیر پر کسی کو اعتراض نہیں۔ مندر کی تعمیر کے لیے زمین 2017 میں الاٹ ہوئی تھی اور پھر اس پر اسلام آباد میں ہندو کمیونٹی کی پنچائیت کمیٹی اور اقلیتی ایم این ایز نے ہم سے رابطہ کیا اور فنڈز کے لیے کہا تو ہم نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی فنڈز موجود نہیں ہیں ہم صرف مرمت و تزئین آرائش کے لیے فنڈز دیتے ہیں۔ کوئی نئی عمارت کھڑی کرنے کے لیے اقلیتوں کے حوالے سے یا حتیٰ کہ مساجد کی تعمیر کے لیے بھی ہمارے پاس کوئی ایسا فنڈ نہیں۔ ان کی وہ درخواست وزیراعظم کو بھیج دی گئی تھی لیکن اس پر کچھ پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔




































