
فیصل آباد(ویب ڈیسک) سابق سینیٹر اورجمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ حکومت
ٹویئٹر پر چل رہی ہے جس کا جواب اپوزیشن بھی جوابی ٹویٹ سے دے کر اپنا فرض ہومیوپیتھک انداز میں پورا کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ جے یوآئی آئین پاکستان کی بالادستی کے لئے حقیقی ایشوز پر سیاست کرتی ہے۔18ویں ترمیم میں صوبائی خود مختاری اہم معاملہ ہے۔ مولانافضل الرحمن کی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات اپوزیشن کو اصل ایشوز پر لانا ہے۔ تاہم اپوزیشن ہومیوپیتھک سے بھی ہلکی رفتار میں سیاسی ناسور کا علاج چاہتی ہے جو ناممکن ہے۔
موجودہ حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے اس لئے ہم پہلے دن سے نئے غیر جانبدارانہ انتخاب چاہتے ہیں۔ مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ دوسری جماعتوں کا ہو سکتا ہے۔ جے یو آئی تو 2018 کے انتخاب کو کالعدم قرار دلوا کر نئے انتخاب چاہتی ہے۔ اپوزیشن کی بڑی پارٹیاں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی بجائے فی الحال اپنا ٹف ٹائم گزار رہی ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں میاں نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری، فریال تالپور وغیرہ اپنے اوپر کیسز کو کلیئر کروانے کے لئے زور لگا رہے ہیں۔ان بڑی جماعتوں نے ہمیں بھی دھوکا دیا۔














