میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے،چیئرمین نیب

اسلام آباد (ویب ڈیسک ):چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب احتساب کی سخت پالیسی پر

عمل پیرا ہے، میگا کرپشن کیس اور وائٹ کالر کرائم جیسے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو نیب ہیڈ کوارٹرز میں قومی احتساب بیورو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر، پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی (پی جی اے) سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ اور نیب کے دیگر سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔
تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹرز جنرل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب سب کے لئے احتساب کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کیلئے ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کیس/وائٹ کالر کرائم جیسے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب ٹھوس شواہد اکٹھا کرنے کے بعد سائنسی خطوط پر وائٹ کالر کرائم کی انکوائری اور تحقیقات پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت 179 میگاوا کرپشن ریفرنسز میں 10 انکوائریاں اور 15 انوسٹی گیشنز جاری ہیں۔ ڈی جی آپریشنز نے اجلاس کو بتایا کہ 179 میگاوا کرپشنز کیسز میں سے نیب نے 97 کرپشن کیسز مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے جبکہ 57 ریفرنسز کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔