بلوچستان کی پسماندگی کی وجہ ماضی کے حکمران ہیں:وزیراعظم عمران خان

تربت (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی کی وجہ

ماضی کے حکمران ہیں، ماضی میں بلوچستان کے سیاسی رہنماﺅں نے بھی عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، ماضی میں سیاسی رہنماﺅں نے بلوچستان سے زیادہ لندن اور ایک سابق صدر نے بلوچستان سے زیادہ دبئی کے دورے کئے، موجودہ حکومت کے دور میں سیاسی مفاد سے بالاتر بلوچستان پر خصوصی توجہ اس لئے دی جا رہی ہے کہ یہ ترقی میں پیچھے ہے،کمزور طبقے کو سہولیات فراہم کئے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
وہ جمعہ کو یہاں جنوبی اضلاع کے عمائدین سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان ترقی میں اس لئے پیچھے رہ گیا کیونکہ بلوچستان کی پسماندگی کی وجہ ماضی کے حکمران ہیں، ماضی میں بلوچستان کے سیاسی رہنماﺅں نے بھی عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، ماضی میں سیاسی رہنماﺅں نے بلوچستان سے زیادہ لندن اور دبئی کے دورے کئے اور بلوچستان پر جو توجہ دی جانی چاہیے تھی وہ نہیں دی گئی۔
نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم بلوچستان میں بھی شروع کی جائے گی، موثر معاشی پالیسیوں کے باعث کورونا کے باوجود ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، 17 سال بعد پہلی دفعہ کرنٹ اکاﺅنٹ پلس ہے، گزشتہ چار ماہ میں کوئی نیا قرض نہیں لیا، کورونا کی دوسری لہر سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے، حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کو اوپر لائے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، مدینہ کی ریاست حقیقی فلاحی ریاست تھی، چین نے 30 سال میں کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا، بہترین پالیسیوں کے باعث چین آج دنیا کی معاشی طاقت بن چکا ہے، چین دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے، سی پیک کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ مغربی چین ترقی میں پیچھے تھا اور چین اسے سمندر سے جوڑنا چاہتا تھا تاکہ وہ بھی ترقی کرے، چین کے ساتھ اقتصادی راہداری ہمارے لئے ترقی کا زینہ بنے گی۔