
تہران( ویب ڈیسک ،فوٹوفائل )ایران نے امریکا کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق تجویز پر اپنے مؤقف کو مسترد کیے جانے کے بعد سخت ردِعمل ظاہر
کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ “اگر ہمیں لڑنے پر مجبور کیا گیا تو ہم بھرپور انداز میں مقابلہ کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہے اور تہران ہر ایسے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے جہاں مذاکرات اور بات چیت کی گنجائش موجود ہو۔ ان کے مطابق ایران ہر فیصلہ اپنے قومی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کرے گا۔
اسماعیل بقائی نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اب بھی غیر معقول مطالبات پر قائم ہے، جبکہ ایران کی جانب سے اتوار کو پاکستان کے ذریعے بھجوایا گیا جواب کسی طور حد سے تجاوز کرنے والا نہیں تھا،ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران کے مؤقف کو مسترد کیے جانے کے بعد خطے کے امن و استحکام کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ صورتحال پورے خطے کی سلامتی کے لیے تشویش ناک ہے، تاہم ایران اپنے عوام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔














