حکومت نے پیٹرول کو عوام سے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن تنقید

کراچی( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا

نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول کو عوام سے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکمران عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا جواز پیش کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب عوام پر بھاری پیٹرولیم لیوی اور ٹیکسز عائد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں، مگر اس کے باوجود حکومت عوام سے فی لیٹر 150 روپے سے زائد ٹیکسز اور لیوی وصول کر رہی ہے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ظلم کے مترادف ہے اور حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے,اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔