
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اپنی فضائی حدود کو کسی بھی جارحانہ فوجی
کارروائی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دینے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کی حامی ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کیلئے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کو بھی مثبت انداز میں دیکھ رہی ہے۔
سعودی ذرائع نے واضح کیا کہ مملکت نے اپنی فضائی حدود کو کسی بھی حملہ آور فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، اور بعض عناصر سعودی عرب کے مؤقف کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور کویت نے امریکی افواج کو اڈوں اور فضائی حدود تک دوبارہ رسائی فراہم کر دی ہے، تاہم سعودی ذرائع نے ان اطلاعات کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔














