
اسلام آباد (ویب ڈیسک،فوٹو فائل )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی پاکستان کے لیے ایک اہم سبق ہے، جس کے پیشِ
نظر توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے، جبکہ خود انحصاری وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے،کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی سطح پر متحرک ہے تاہم موجودہ صورتحال میں محتاط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود معاشی اشاریوں میں بہتری آ رہی ہے اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ ان کے مطابق معاشی ترقی میں کیپیٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے اور چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے استحکام کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیرِ خزانہ نے زور دیا کہ کمرشل فیصلے آزادانہ اور قومی مفاد کے تحت کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے اور مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کار اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کو ترجیح دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لیے داخلی وسائل پر انحصار ناگزیر ہے اور این ایف سی کے معاملات میں مشاورت کے ذریعے پیش رفت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، جبکہ تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فنڈز کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے متبادل توانائی کے حصول کی اہمیت کو پہلے سے کہیں زیادہ واضح کر دیا ہے۔





































