
چارسدہ (ویب ڈیسک، فوٹو فائل) چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سابق ایم پی اے اور
معروف عالمِ دین مولانا محمد ادریس جاں بحق جبکہ سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او محمد وقاص کے مطابق مولانا محمد ادریس اپنی رہائش گاہ سے مدرسے جا رہے تھے کہ اتمانزئی کے مقام پر نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے،واقعے کے بعد فاروقِ اعظم چوک اور رجڑ بازار میں جے یو آئی کارکنان نے احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔














