
اسلام آباد (ویب ڈیسک، فوٹو فائل) پاکستان نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں شہری
تنصیبات پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے اور ہر قسم کی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جنگ بندی کا برقرار رہنا اور اس کا مکمل احترام انتہائی ضروری ہے تاکہ مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتی کوششوں کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور خطہ ایک بار پھر امن و استحکام کی جانب بڑھ سکے۔





































