
تہران ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )تہران سے جاری بیان میں ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے
ہرمز میں کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس جیسے حساس معاملات کو گمراہ کن بیانات کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نازک صورتحال میں غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی کوئی گنجائش نہیں اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنےکیلئے فوری اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا “پروجیکٹ فریڈم” کے نام سے ایک آپریشن کا آغاز کر رہا ہے، جس کا مقصد غیرجانبدار ممالک کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق یہ اقدامات مشرق وسطیٰ کے مقامی وقت کے مطابق آج صبح سے نافذ العمل ہو چکے ہیں جبکہ خطے میں اس اعلان کے بعد کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔





































