
واشنگٹن( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی افواج نے
امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا تو امریکا بھرپور جواب دے گا۔
فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں ”پروجیکٹ فریڈم“ کے دوران جہازوں کی نقل و حرکت کے وقت متعدد بحری جہازوں پر فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے جواب میں امریکی فورسز نے ایران کی سات تیز رفتار کشتیوں (فاسٹ بوٹس) کو تباہ کر دیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایرانی فائرنگ سے جنوبی کوریا سے منسلک ایک کارگو جہاز کو نقصان پہنچا، تاہم دیگر جہاز محفوظ رہے اور کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،انہوں نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ ایسے ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے جن کا اس تنازع سے براہِ راست تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جنوبی کوریا بھی اس مشن میں شامل ہو۔
امریکی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے ”دنیا کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا“۔امریکی حکام کے مطابق ”پروجیکٹ فریڈم“ ایک بحری سیکیورٹی اقدام ہے جس کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس مشن میں گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز، بحری و فضائی طیارے، بغیر پائلٹ سسٹمز اور ہزاروں فوجی اہلکار شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس جدید ترین ہتھیار موجود ہیں اور وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، انہوں نے عالمی سطح پر موجود امریکی فوجی اڈوں اور عسکری تیاریوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران مذاکرات میں پہلے کے مقابلے میں کچھ لچک دکھا رہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں جاری امریکی اقدامات کو انہوں نے ”اہم فوجی حکمت عملی“ قرار دیا۔





































