ماضی میں 126دن کے دھرنے پر کیوں اعتراض نہیں کیا گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سربراہ جمعیت علماء اسلام(ف)مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ دن دہاڑے انتخابات

چراتے پکڑے گئے اب چور کہتا ہے کہ مجھے چور نہ کہو اور چور کہہ رہا ہے میری چوری کی تحقیقات کرو۔ 

آزادی مارچ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے  ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر نوجوانوں کو اٹھایا گیا نامعلوم کہاں رکھا گیا رات کی تاریکی میں ظلم ہی ظلم کیا گیا دہشت گردی ثابت ہوئے بغیر ان نوجوانوں کیخلاف کارروائی کی گئی،کسی کو تو جوابدہ بنایا جائے قوم کو جواب دو نوجوانوں کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کیا قصور اور جرم تھا، قوم کو کیوں کچھ نہیں بتاتے، اسرائیل سے تعلقات کی باتیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر اسرائیلی طیارہ اترا، وزارت داخلہ کے پاس اس کا نمبر موجود ہے، کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے،سیاست پاکستان میں دبیز پردوں میں چلی گئی ہے۔ دیکھنا بمشکل اب کوئی دستار سلامت رہے گی، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی آنیاں جانیاں چلتی رہیں گی، ان  چراغوں میں بھی  کوئی تیل نظر نہیں آرہا ہے  ان کو بھی کہتا ہوں کچھ عقل ہے تو قوم کی بات سنیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں، ہم حق پر ہیں اور حق والے استقامت پر رہتے ہیں، ثابت قدمی دکھاتے ہیں، انہیں شکست نہیں ہوسکتی فتح ان کے قدم چومتی ہے۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ کارکن سنجیدگی سے آنے والے مستقبل پر نظر رکھیں۔ کئی روز سے آزادی مارچ اسلام آباد کی سرزمین پر براجماں ہے۔ اپنے مطالبے کے تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہے، ہمیں کہاجاتا ہے کہ یہ روایت بن جائے گی کہ لوگ آئیں گے تو کہیں گے حکومت چلی جائے پھر یہ روایت بن جائے گی۔ میں پوچھتا ہوں 2014ء میں 126 دن کے دھرنے پر اعتراض کیوں نہیں تھااور آج اس دھرنے پر اعتراض کیوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے اس مطالبے کو ماننا پڑے گا ہم نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔ تم نے 18 سال سے مذہبی دنیا کی غلط تصویر جو دنیا کے سامنے رکھی تھی میں آج بتانا چاہتاہوں کہ 126 دن کے دھرنے کی جو تصویر دنیا کیلئے بڑی دلکش تھی آج بھی ڈی چوک پر اس کی بدبو محسوس کی جارہی ہے اور جن کے چہروں کو تمہیں بڑا خوفناک اور غلط انداز کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا، اس دھرنے اور آزادی مارچ خوشبو جگہ جگہ پھیلی ہوئی ہے۔

یہ  پاکستان کے بھائیوں کے مستقبل پر پھیلی ہوئی نظر آئے گی انشاء اللہ۔ میرے دوستو پوری قوم آپ کو دیکھ رہی ہے اور خراج تحسین پیش کررہی ہے کہ آپ نے پاکستان کی تاریخ میں سیاسی جمود کو توڑا۔ ا ٓپ نے پاکستان ی قوم کی مایوسیوں کی امیدوں میں تبدیل کیا ہے اور دنیا کو بتا دیا ہے کہ انتقام کے نام پر احتساب کاڈرامہ اب مزید نہیں چل سکے گا۔