سانحہ موٹروے: مرکزی ملزم عابد 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

لاہور (ویب ڈیسک ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے لاہور سیالکوٹ موٹروے سانحہ

کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ جہاں ملزم عابد ملہی کی شناخت پریڈ کروائی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم عابد ملہی جسے پولیس نے پیرکی رات مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا کو منگل کی صبح سکیورٹی کے سخت حصار میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا عدالت کے روبرو پولیس نے موقف اختیار کیا کہ چونکہ ملزم عابد ملہی کی شناخت پریڈ کروانا باقی ہے لہٰذا ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے جس پر عدالت نے عابد ملہی کو جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا۔ مزید براں بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عابد ملہی کی سخت سے سخت سزا یقینی ہوسکتی ہے۔
ان قانونی ماہرین کے مطابق عابد ملہی کو ٹرائل کورٹ سے سخت سے سخت سزا ملنے کی صورت میں وہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر سکتا ہے۔ جبکہ قوی امکان ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بھی ملزم کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھ سکتا ہے جس کے بعد ملزم سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتا ہے اور سپریم کورٹ بھی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھ سکتا،جس کے بعد ملزم کے خلاف سزائے موت کی ممکنہ صورت میں اپنی سزا کو ختم کروانے کے لئے ملزم کے پاس صدر پاکستان سے رحم کی اپیل دائر کرنے کا حق باقی ہوگا۔ قانونی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ مقدمے میں ملزم پر عائد الزامات کافی حد تک ثابت ہوسکتے ہیں جس سے ملزم کو نشان عبرت بننے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔