الخدمت کے تحت ملیر جیل میں میڈیکل کیمپ ،1200قیدیوں کا معائنہ کیا گیا

کراچی( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کے ”شعبہ صحت “ کے تحت ملیرجیل میں جلدی امراض کے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کیا

گیا ۔کیمپ میں 1200قیدیوں کا معائنہ کیا گیا اورانہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔

ایس ایس پی ملیر جیل ارشد علی شاہ کی جانب سے الخدمت سے کیمپ کے انعقاد کی درخواست کی گئی تھی ،جس پر الخدمت” شعبہ صحت “کی جانب سے ملیر جیل کے قیدیوں کیلئے میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔

کیمپ میں میڈیکل آفیسر ڈاکٹراصغر علی شاہ،ڈی ایس پی ذوالفقار ،سینئر منیجر منظر عالم اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔الخدمت کی جانب سے ڈاکٹرز کے ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف نے بھی خدمات انجام دیں ۔

اس موقع پر ڈاکٹرز نے قیدیوں کو جلدی امراض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بھی بتائیں ۔ ایس ایس پی ملیر جیل ارشد علی شاہ نے الخدمت کی جانب سے کیمپ کے انعقاد کو سراہا اورکہا کہ قیدیوں کو دوران قید معاشرے کے عام افراد کے صحت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ،خصوصاً جلدی امراض کا، تاہم جیل انتظامیہ اس حوالے سے اپنا بھرپور کرادار ادا کرتی ہے کہ مریضوں کی صحت کا خیال رکھا جاتا ہے ۔اسی لیے ہم نے کیمپ کے اہتمام کے لیے الخدمت سے درخواست کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تعاون پر ہم اس کے مشکور ہیں۔

دریں اثنا چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔جیلوں میں صاف پانی کی فراہمی ،میڈیکل کیمپس کا اہتمام ،گردن چھڑائی ،اسپرے اور قیدیوں کو کمپیوٹر اور انگلش وچائنیز لینگویج کی تعلیم دینا اس کے اہم ترین کام ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہما ری کوشش ہے کہ ہماری ان سروسز سے زیادہ سے زیادہ قیدی مستفید ہوں ،اس سلسلے میں اہل خیر اس نیک مقصد میں ہمارا ساتھ دیں ۔