
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام ) ہیومن رائٹس نیٹ ورک نے کراچی میں مہنگائی کیخلا ف تحریک چلانے کا اعلان کردیا،جبکہ
سول سوسائٹی کو متحد کرنے اور28جولائی کو واک منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے تحت اوپن ڈائیلاگ فورم بعنوان”کراچی رائٹس“نائب امیرجماعت اسلامی اسامہ رضی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسامہ رضی نے کہا کہ ملک میں مہنگا ئی عروج پرہے۔روپے کی قدر مسلسل گررہی ہے۔معاشی صورتحال بھی ٹھیک نہیں۔ایسی صورتحال میں ملک میں مہنگائی عروج ہے غریب آدمی دورووقت کی روٹی سے محروم ہے،شہر میں پانی بجلی کا بحران ہے،ماضی میں پانی وبجلی کے مسائل حال نہیں کیے گئے۔عوامی نمائندوں نے شہرکو اس کا حق نہیں دیا۔فورم میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں اورسول سائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔ فورم سے ایچ آراین کے صدر انتخاب عالم سوری اورجنرل سیکریٹری شہزادمظہر نے بھی خطاب کیا۔
اسامہ رضی نے کہا کہ شہر کے مسائل حل طلب ہیں،شہری طویل عرصے سے مصائب کا شکار ہیں۔
انتخاب عالم سوری نے کہا کہ عوامی نمائندے شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے تیار نہیں،حالانکہ عوام نے ان کا انتخاب مسائل کے حل کیلئے کیا تھا۔ایسے نمائندوں کو حق نمائندگی حاصل نہیں۔انہوں نے کہا ملک میں ٹیکسز اورڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھ گئی ہے اورعوام کا قوت خرید جواب دے رہا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کوکنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
شہزاد مظہر نے کہا کہ ہیومن رائٹس نیٹ ورک مہنگائی کیخلاف تحریک چلائے گی،سول سوسائٹی کو مہنگائی کیخلاف متحد کیا جائے گا28جولائی بروزجمعرات سہ پہر3 بجے کراچی پریس کلب کے باہر واک کی جائے گی۔














