الخدمت کے تحت کراچی بھرمیں ہاتھ دھونےکا عالمی دن منایاگیا

کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت ہرسال کی طرح اس سال بھی ”ہاتھ دھونے“

کا عالمی دن منایا گیا ۔اس سلسلے میںشہر کے پانچوں اضلاع میں تقریبات کا اہتما م کیا گیا 

۔ان تقریبات میں بچے اور الخدمت کے ذمہ داران شریک تھے۔بچوں کو عملی طور پر ہاتھ دھونے کے طریقے بتائے گئے اورمختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ 

 اس موقع پر بچوں کو ہاتھ دھونے کے فوائد سے آگاہ کیااورانہیں ہاتھ نہ دھونے کے نقصانات بھی بتائے گئے۔بعدازاں بچوں نے ہاتھ دھونے کا عملی مظاہرہ کیا۔

 

دریں اثنا الخدمت خواتین یوتھ والنٹیرز اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما)کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں” صحت وصفائی “آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے۔پٹیل پاڑہ،قیوم آباد،لانڈھی اور پی ای سی ایچ ایس میں واقع کمیونٹی سینٹرز،بیٹھک اسکول اور مدارس میں منعقد کئے جانے والے پروگرامات میں ماؤں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام میں صحت اور صفائی کی آگاہی کے ساتھ ہاتھ دھونے کی عملی تربیت بھی دی گئی۔

 

کوارڈنیٹرالخدمت غربی فضل خالق،ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر حلقہ خواتین شکیلہ نظام کا کہنا تھا کہ ہاتھ دھونے کی عادت صحت مند زندگی کی علامت ہے ۔ہاتھ نہ دھونے کی وجہ سے جراثیم زیادہ تر کھانے پینے کے دوران انسانی جسم میں داخل ہوتے ہیں اور یہ اسہال، خناق، ہیضہ، کالی کھانسی، تپ دق ، منہ اورپیٹ کے امراض ،جلدی انفیکشن،ہیپا ٹائٹس ،ٹائیفائیڈ کا سبب بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسہال ایک خطرناک بیماری ہے جس کی بنیادی وجہ بغیر ہاتھ دھوئے کھانا پینا ہے ۔ پاکستان میں اسہال کے سالانہ 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔پانی کی کمی اوردست کے باعث سالانہ پانچ سال سے کم عمر کے ایک لاکھ 16ہزار بچے لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔لہٰذاہاتھ دھونے کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا نا چاہیے ۔